آر ٹی ایس کمیشن کا عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے فروغ پر زور

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخوا کے کمشنر شوکت علی یوسفزئی کی زیر صدارت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد اور بورڈ آف ریونیو کے نمائندگان کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن اور بروقت و مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔ چیئرمین بی آئی ایس ای ایبٹ آباد عنایت اللہ وسیم بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں رائٹ ٹو پبلک سروسز ایکٹ کے تحت فراہم کی جانے والی عوامی خدمات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے سے نوٹیفائی شدہ عوامی خدمات کو دستک ایپ کے ساتھ مربوط کرنے کے امور کا جائزہ لیا گیا، تاکہ خدمات کی فراہمی کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن بنائی جا سکے۔کمشنر شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور شہریوں کو مقررہ مدت میں خدمات کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد دے گا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کمیشن کے ساتھ قریبی رابطہ اور مؤثر کوآرڈی نیشن کے ذریعے نوٹیفائی شدہ خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن اور دستک ایپ کے ساتھ انضمام کے عمل کو تیز کیا جائے۔کمشنر نے اس امر پر زور دیا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے مؤثر نظام کے ذریعے خدمات کی فراہمی میں تاخیر اور رکاوٹوں کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں، جس سے شہریوں کے بروقت اور معیاری عوامی خدمات کے حق کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔

مزید پڑھیں