
سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا عامر آفاق کی زیر صدارت صوبائی سیڈ کونسل کا 48واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں معیاری بیجوں کی فراہمی، گندم کی نئی اقسام کی منظوری اور زرعی تحقیق کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کی ایف ایس سی اینڈ آر ڈی سے منظور شدہ گندم کی 9 اقسام پیش کی گئیں جن میں ساویرا 2024، عروج 2022، فخرِ بھکر، بھکر اسٹار، نواب 21، فلک 2024، نشان، چیمپئن اور وفاق 2022 شامل ہیں اجلاس میں پیش کردہ گندم کی اقسام کی خیبر پختونخوا میں کاشت کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت تحقیق ڈاکٹر عبدالروف، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع مراد اور ایڈیشنل ڈائر یکٹر ایف ایس سی اینڈ آر ڈی صوبائی سیڈ کونسل کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں ذیلی ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سی تجویز کردہ پنجاب کی 9 نئی اقسام زیر بحث آئیں جن کی بہترپیداواری صلاحیت اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت کی خصوصیات کی حامل ہونے کی بنیاد پر منظوری دی گئی۔سیکرٹری زراعت عامر آفاق نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے معیاری بیجوں کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت زرعی تحقیق کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے، نئی اقسام کی تیاری اور جدید زرعی تحقیق کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے محکمہ زراعت توسیع کو ہدایت کی کہ منظور شدہ بیجوں کی زمینداروںکو بروقت فرہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں۔
