خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی تیاری، ترسیل اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی کی خصوصی ہدایات پر صوابی، بنوں اور ملاکنڈ میں کی گئی کارروائیوں کے دوران سینکڑوں کلوگرام باسی مچھلی، مضر صحت گوشت اور غیر معیاری چپس برآمد کرکے ضبط اور تلف کر دی گئیں، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق صوابی فوڈ سیفٹی ٹیم نے گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے سکھر سے مسافر بس کے ذریعے لائی جانے والی تقریباً 200 کلوگرام باسی مچھلی برآمد کی۔ مذکورہ مچھلی رکشوں کے ذریعے مختلف فش پوائنٹس کو فراہم کی جانی تھی، تاہم فوڈ سیفٹی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مچھلی کو موقع پر تلف کر دیا اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان کے مطابق ضلع بنوں میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے محکمہ لائیوسٹاک کے اہلکاروں کے ہمراہ ڈی آئی خان روڈ پر واقع قصائی کی دکان پر کارروائی کی، جہاں سے 100 کلوگرام سے زائد مضر صحت گوشت برآمد ہوا۔ ٹیم نے برآمد شدہ گوشت موقع پر تلف کر دیا، جبکہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔اسی طرح ملاکنڈ فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر بٹ خیلہ بازار میں ایک یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 800 کلوگرام غیر معیاری برانڈڈ چپس برآمد کرکے ضبط کر لیں۔ تفصیلات میں بتایا گیا کہ خلاف ورزی پر متعلقہ مالکان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کامیاب کارروائیوں پر متعلقہ فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں خوراک کے کاروبار کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے اور مضر صحت اشیائے خورونوش کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
