وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد نے کہا ہے کہ ان کی سیاست کامقصد صوبے کے عوام کو معیاری خدمات پہنچانا ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ عوام کو لائسنس کے اجراء کے عمل کو مزید سہل بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ کے اچانک دورے کے موقع پر کیا ہے۔ دورے کے موقع پر انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں لاہور اڈے کے اوپن اکشن کے عمل کو میرٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے تیز کیا جائے جس سے صوبے کے محاصل میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے جعلی لائسنس اور جعلی میڈیکل کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات اٹھانے جبکہ تمام تر زیرِ التوا لائسنس کیسز کو فوراً کلئیرکرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری پی ٹی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ ودیگر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر موصوف نے تمام سیکشنز اور پرنٹنگ مشینوں کا معائنہ کیا اور سٹاف کی حاضری بھی چیک کی، جس پر معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انسپکشن کے دوران معاون خصوصی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود اور ان کو معیاری خدمات کی فراہمی تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور کی ہدایت ہے کہ صوبے کے عوام کی خوشحالی اور ان کی ترقی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں جو کہ ہماری صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
