وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے نئے سیکرٹری ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹخیام حسن نے پیر کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دور میں ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں کیونکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے کا سب سے بڑا رہائشی منصوبہ نیوپشاور ویلی جس کا کل رقبہ ایک لاکھ سترہ ہزار کنال پر محیط ہے اور جو کئی سالوں سے لوکل گورنمنٹ کی زیر نگرانی تھا اسے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا ہے تاکہ یہ منصوبہ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی دیگر سکیموں کی طرز پر جلد از جلد پایا تکمیل کو پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کو بھی پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت وسعت دی جا رہی ہے۔ معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ اب محکمہ ہاؤسنگ کے افسران و عملہ کو پہلے سے زیادہ محنت کرنی ہوگی تا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت کے مطابق تمام ہاؤسنگ سکمیں بروقت مکمل ہو سکیں اور صوبے کے عوام کو جدید طرز سہولیات سے آراستہ رہائش مہیا ہو۔ ملاقات میں ہاؤسنگ اتھارٹی کے دیگر رہائشی منصوبوں پر اب تک ہونے والے ترقیاتی کام کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے تمام منصوبوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور تمام ہاؤسنگ منصوبے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے ویژن کے مطابق شفافیت کے ساتھ پایا تکمیل کوپہنچا ئے جائیں گے۔