خیبر پختونخوا کے وزیر برائے بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی ارشد ایوب خان کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کے جائزہ اجلاس کا انعقادہواجس میں سیکرٹری بلدیات عنبر علی خان، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ وحید الرحمن، ڈائریکٹر جنرل بلدیات جنید خان، سپیشل سیکرٹری بلدیات، ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل لوکل کونسل بورڈ، ڈائریکٹر ایڈمن بلدیات، چیف انجینئرز لوکل کونسل بورڈ، کنسلٹنٹ بلدیات، ایڈیشنل سیکرٹری الیکشنز، ڈائریکٹر جنرل میٹرو پولیٹن پشاور اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمہ بلدیات میں جاری ترقیاتی منصوبوں، صوبے کے تمام اضلاع کی سطح پر صفائی ستھرائی کی صورت حال، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹرز کے فنڈز، بلدیاتی نظام کی بہتری کے حوالے سے شروع کئے گئے پروگراموں اور بلدیات سے جڑے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کروایا جائے اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے تاکہ جن مقاصد کے حصول کیلئے ان منصوبوں کو شروع کروایا گیا ہے وہ ثمرات بروقت حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات اور عوام کا رابطہ ڈائریکٹ ہوتا ہے اس لیے بلدیات کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی۔ صوبائی وزیر بلدیات نے محکمے کو مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے محکمے کے بنیادی کام میں صفائی ستھرائی شامل ہے اور اس مقصد کیلئے تحصیل سطح پر ٹی ایم اے بنوائی گئی ہے اور اعلیٰ قسم کی مشینری بھی فراہم کروائی گئی ہے تاکہ پورے صوبے میں صفائی ستھرائی کے عمل کو روزمرہ کی بنیادوں پر جاری رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے اور تمام متعلقہ افسران اس حوالے سے روزانہ کے بنیادوں پر رپورٹ سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ کے دفتر کو بھیجیں گے اور اسی رپورٹ کے بنیاد پر ان کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور ان کے مستقبل کا فیصلہ بھی اسی کارکردگی کے بنیاد پر کیا جائے گا۔ارشد ایوب خان نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے اور ان کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی آمین خان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایات بھی جاری کی ہیں تاکہ عوام کو حقیقی تبدیلی کے ثمرات مل سکیں۔