یوتھ سینیٹ آف پاکستان کے نوجوانوں پر مشتمل ایک وفد نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا دورہ کیا، جہاں انہیں اسمبلی کے امور، قانون سازی کے عمل اور پارلیمانی روایات سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے وژن کے مطابق نوجوان نسل میں جمہوری اور پارلیمانی شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ بتایا گیا کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نوجوانوں کی مثبت رہنمائی اور انہیں جمہوری اقدار سے روشناس کرانے کے لیے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، تاکہ نوجوان نسل میں پارلیمانی نظام، آئینی ذمہ داریوں اور قومی اداروں کے بارے میں آگاہی پیدا ہو سکے۔اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری خیبرپختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ نے وفد کو اسمبلی کے مختلف شعبہ جات، قانون سازی کے مراحل اور ایوان کی کارروائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو جمہوری عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پارلیمانی نظام اور آئینی تقاضوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور خیبرپختونخوا اسمبلی اسپیکر بابر سلیم سواتی کے وژن کے تحت اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔دورے کے دوران یوتھ سینیٹ آف پاکستان کے وفد کی حلف برداری کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ نے وفد کے اراکین سے حلف لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں قومی ترقی، مثبت سوچ اور جمہوری عمل میں فعال شرکت کی اہمیت سے آگاہ کیا۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی عثمان ارباب نے بھی وفد کے دورے میں شرکت کی اور نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور جمہوری عمل میں ان کے کردار کو سراہا۔وفد کے اراکین نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے نوجوانوں کی تربیت اور انہیں جمہوری اداروں سے روشناس کرانے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل کردہ تجربات اور معلومات کو اپنی عملی زندگی میں بروئے کار لائیں گے۔
