سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے وژن اور سیکرٹری خیبرپختونخوا اسمبلی کی ہدایات کے تحت، ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگ اینڈ کیپیسٹی بلڈنگ نے سنٹرل پولیس آفس خیبرپختونخوا کے تعاون سے اسمبلی سیکرٹریٹ کے سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا۔20 سے 31 جولائی 2026 تک پولیس ٹریننگ سکول شاکس میں منعقد ہونے والے اس دو ہفتے کے پروگرام میں اسمبلی کے آٹھ سیکیورٹی اہلکاروں کو جسمانی فٹنس، اسلحہ کے محفوظ استعمال، رسائی کنٹرول، سرچ اینڈ فریسکنگ اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سمیت جدید سیکیورٹی امور پر عملی تربیت فراہم کی گئی۔تربیت کے اختتام پر قائم مقام ڈائریکٹر ٹریننگ محمد آصف خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ محمد غزن خان اور ٹریننگ اینڈ کیپیسٹی بلڈنگ آفیسر جبار علی خان نے پولیس ٹریننگ سکول شاکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، شرکاء کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور انسٹرکٹرز کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر پولیس ٹریننگ سکول کے ڈائریکٹر اور تربیتی عملے کو کامیاب تعاون اور پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
