خیبرپختونخواحکومت کے احکامات کی روشنی میں سرکاری اداروں کے انتظامی امورمیں شفافیت لانے اورعوامی مسائل کے فوری حل کے لئےGood Governance Road Mapکی جاری پالیسی کے تحت محکمہ توانائی وبرقیات خیبرپختونخوانے پانچویں آن لائن (براہ راست )ای کھلی کچہری کا انعقادکیاجس میں عوام الناس نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے ہوئے اپنے مسائل پیش کئے جن کے فوری حل کے لئے موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔ سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمدکی زیرصدارت معنقدہ براہ راست ا ی کھلی کچہری میں محکمے کے جملہ افسران سپیشل سیکرٹری حبیب اللہ عارف سمیت ایڈیشنل سیکرٹریزانورخان شیرانی،نورولی خان،چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئرانوارالحق سمیتKPOGCL،انسپکٹریٹ آف الیکٹریسٹی اورKPٹرانسمیشن اینڈگرڈسسٹم کمپنی کے جملہ افسران اورپراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی ۔ای کھلی کچہری میں صوبے کے مختلف اضلاع سے مجموعی طورپر 155شکایت کنندگان نے ٹیلی فون کالز اورفیس بک آفیشل پیج کے ذریعے براہ راست محکمہ توانائی وبرقیات اوراسکے تمام ذیلی اداروں سے جڑے توانائی منصوبوں سے متعلق درپیش مسائل پرکھل کرگفتگو کی اور حکام بالاکوآگاہ کیا ۔اس موقع پرعوام الناس کی طرف سے صوبائی حکومت کے ای کھلی کچہری کے انعقادکوشفافیت اورمیرٹ کیلئےایک انقلابی اقدام قراردیاگیا۔سیکرٹری توانائی نے موجود افسران وحکام کو عوامی درپیش مسائل کوفوری طورپرحل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ 2گھنٹوں کے دورانئے پرمشتمل ای کھلی کچہری کے آخرمیں سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد نے عوام الناس کویقین دلایاکہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسی کے تحت عوامی مسائل کو ای کھلی کچہری کے ذریعے موقع پر حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے محکمے کے تمام افسران کو ای کھلی کچہری میں پیش کئے گئے عوامی مسائل کوسنجیدگی سے حل کرنے پر زوردیا اورہدایت کی کہ مسائل کے حل پر عملدرآمد کی رپورٹ جلدازجلدپیش کی جائے کیونکہ عوام الناس حکومتی اقدامات کو میرٹ وشفافیت سے مانیٹرکررہے ہیں۔ انہوں نے خبردارکیا کہ عوامی فلاح وبہبودکے کاموں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی ۔
