صوبائی وزیر توانائی وبرقیات نذیراحمد عباسی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواتوانائی کے وسائل سے مالامال صوبہ ہے ۔قدرتی وسائل کو زیادہ سے زیادہ بروئے کا رلاکرسستی بجلی کی پیداوارسے صوبے میں صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات اٹھاناموجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔محکمہ توانائی وبرقیات کے صوبے میں جاری پن بجلی سمیت سولرانرجی کے منصوبے آنے والے دنوں میں صوبے کی ترقی کے لئے گیم چینجرثابت ہونگے۔ صوبے میں توانائی منصوبوں کی بروقت اورمعیاری تکمیل ہمارے لئے سب سے بڑاچیلنج ہے ۔محکمے میں تمام امورمیرٹ پر نمٹائے جائیں گے جبکہ میرٹ اورشفافیت سے امورنمٹاناہم سب کے لئے ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی وبرقیات میں اپنے عہدے کا چارج لینے کے بعد محکمے کے ذیلی ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے دوران کیا۔اس موقع پر سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمدسمیت پیڈوکے چیف ایگزیکٹوانجینئرانوارالحق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیڈوکے زیرنگرانی صوبے میں سستی پن بجلی کی پیداوارکیلئے توانائی کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ،پیڈو کے تحت مکمل ہونے والے پن بجلی کے منصوبوں سے اس وقت مجموعی طورپر 224میگاواٹ بجلی پیداکی جارہی ہے جن سے سالانہ اربوں روپے آمدن ہورہی ہے ۔اسی طرح 7منصوبوں جن میں300میگاواٹ بالاکوٹ مانسہرہ،157میگاواٹ مدین سوات،88میگاواٹ گبرال کالام،84میگاواٹ مٹلتان سوات،69میگاواٹ لاوی چترال،10.5میگاواٹ چپری چارخیل کرم اور6.9میگاواٹ مجاہدین پاورپراجیکٹ تورغر منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ مٹلتان سے مدین تک 40 کلو میٹر طویل 132/220 کے وی ٹرانسمشن صوبے کی اپنی لائن بچھانے کے منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔محکمہ پیڈوکے تحت ہزاروں کی تعداد میں سکولوں،مساجد،بنیادی مراکزصحت کوشمسی توانائی پرمنتقلی کے کئی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ 1لاکھ 30ہزارمستحق گھرانوں کو مفت سولرسسٹم کی فراہمی کے منصوبے پر بھی عملی کام کا آغازکیا جارہاہے۔صوبائی وزیر نذیراحمد عباسی نے محکمے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے زوردیا ہے کہ عوامی مفادکے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیرہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے امید کا اظہارکیاکہ توانائی کے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرکے محکمے کی آمدن میں مزید اضافہ کیا جائیگا۔
