کاروباری برادری کے مسائل ترجیح، صنعتی شعبے کو ریلیف دیں گے: سیکرٹری ایکسائز خیبرپختونخوا 

سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا خالد الیاس سے کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رشید پراچہ نے ملاقات کی جس میں ٹیکسیشن سے متعلق امور، کاروباری برادری کو درپیش مسائل، صنعتی شعبے کی مشکلات اور کاروبار دوست اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران صدر چیمبر نے کاروباری اور صنعتی حلقوں کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے سمال انڈسٹریز کیلئے خصوصی ریلیف اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیکرٹری ایکسائز خالد الیاس نے یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور متعلقہ امور کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار اور صنعتوں کے فروغ کیلئے اصلاحاتی اقدامات پر عمل پیرا ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے عوام اور کاروباری طبقے کیلئے ہر وقت کھلے ہیں اور باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کے مؤثر حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ صدر کوہاٹ چیمبر رشید پراچہ نے کاروباری برادری کے مسائل سننے اور تعاون کی یقین دہانی پر سیکرٹری ایکسائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے رابطوں سے صنعت و تجارت کے شعبے کو درپیش مشکلات کے حل میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں