خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان سے جمعرات کے روز پشاور میں آل پاکستان کار ڈیلرز ایسوسی ایشن آف سمال ٹریڈرز کے چیئرمین حاجی بخت میر جان، جنرل سیکرٹری معاذاللہ خان اور آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے چیئرمین غلام بلال جاوید کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کار ڈیلرز اور شوروم مالکان کو درپیش مسائل، محکمہ ایکسائز سے متعلق امور اور کاروباری سہولیات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول عبدالحلیم خان، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (I) پشاور فیصل خورشید برکی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (V) پشاور مسعود الحق بھی موجود تھے۔وفد نے صوبائی وزیر کو شوروم مالکان کے لیے گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنانے، جدید محکمانہ سہولیات کی فراہمی، ٹیکسیشن میں ممکنہ رعایت اور اس شعبے سے وابستہ کاروباری افراد کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔صوبائی وزیر سید فخرجہان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے تمام ضلعی دفاتر میں کار ڈیلرز اور شوروم مالکان کی سہولت کے لیے کمپیوٹرائزڈ فیسلیٹیشن پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں گاڑیوں کی خرید و فروخت کا ریکارڈ، ملکیت و رجسٹریشن کی تصدیق، دستاویزات، چیسز نمبر اور دیگر متعلقہ معلومات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ کار ڈیلرز کو خصوصی سافٹ ویئر کے ذریعے آن لائن رسائی بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ خریدی جانے والی گاڑی کی مکمل تفصیلات فوری طور پر حاصل کر سکیں اور لین دین میں شفافیت کو مزید فروغ ملے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ایکسائز عوام اور کاروباری طبقے کو جدید، آسان اور شفاف خدمات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارکس (شخصی نمبر پلیٹس) کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا گیا ہے، جس کے لیے ضروری قانون سازی مکمل ہونے کے بعد صوبائی کابینہ سے منظوری بھی حاصل کر لی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب کسی بھی نام کی پہلی شخصی نمبر پلیٹ 15 لاکھ روپے میں حاصل کی جا سکے گی، جبکہ اسی نام کی دوسری اور بعد کی تمام نمبر پلیٹس 10 لاکھ روپے میں دستیاب ہوں گی۔سید فخرجہان نے مزید کہا کہ کسی مخصوص سیریز کے متعدد نمبر پلیٹس کا لاٹ بھی کسی کاروباری ادارے یا فرد کو جاری کیا جا سکے گا، جس سے کاروباری طبقہ اپنی برانڈنگ اور تشہیر کے لیے اپنی پسند کے نمبرات حاصل کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ موٹر کار ڈیلرز اور شوروم مالکان کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے کاروبار یا شوروم کے نام سے منسوب شخصی نمبر پلیٹس حاصل کریں۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس رکھنے والے مالکان گاڑی فروخت کرنے کی صورت میں بھی اپنے نمبرات اپنے پاس محفوظ رکھ سکیں گے، جبکہ یہ نمبر پلیٹس تین سال تک کسی نئی گاڑی کے بغیر بھی ان کے نام برقرار رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں محکمہ ایکسائز کو جدید، شفاف اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جو بانی چیئرمین عمران خان کے عوامی خدمت کے وژن کی عملی تعبیر ہیں۔صوبائی وزیر نے کار ڈیلرز برادری کو یقین دلایا کہ وہ بلا جھجھک ایکسائز و ٹیکسیشن کے دفاتر سے رجوع کریں، ان کے تمام حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ملاقات کے اختتام پر وفد نے صوبائی وزیر سید فخرجہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز میں جاری اصلاحات، کاروبار دوست اقدامات اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
