محکمہ ایکسائز کی منشیات کے خلاف پشاور میں دوکارروائیاں، 3.6 کلوگرام چرس برآمد، خاتون سمگلر سمیت تین ملزمان گرفتار

خیبرپختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ایکسائز کا منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔اسی سلسلے میں ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن سکواڈ نے پشاور میں دو مختلف کامیاب کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 3,600 گرام (3.6 کلوگرام) چرس برآمد کرکے خاتون سمگلر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔محکمہ سے موصولہ تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی ایچ گول چوک میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں ایک خاتون مشتبہ سمگلر کو روک کر لیڈی کانسٹیبل کے ذریعے تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 2,400 گرام چرس برآمد ہوئی، جس پر ملزمہ کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔دوسری کارروائی جوائنٹ چیک پوسٹ ایم ون پر عمل میں لائی گئی، جہاں دورانِ تلاشی 1,200 گرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان ناصر جلال ولد عبدالجلال اور نوید الرحمن ولد واحد کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔محکمہ ایکسائز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ایسے آپریشنز بلاامتیاز جاری رہیں گے اور منشیات فروش عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں