محکمہ ایکسائز کی صوبہ بھر میں انسداد منشیات کی بڑی کارروائیاں،63 کلو سے زائدچرس اور 1,060 نشہ آور گولیاں برآمد، متعدد ملزمان گرفتار

خیبرپختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔پشاور اور مردان میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 63 کلو سے زائد چرس اور 1,060 نشہ آور گولیاں برآمد کرکے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔اس ضمن میں ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن سکواڈ نے جوائنٹ چیک پوسٹ نزد موٹروے ٹول پلازہ پشاور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم گل زیب ولد فضل واحد کے قبضے سے 2,400 گرام چرس برآمد کرکے اسے موقع پر گرفتار کر لیا۔اسی طرح تھانہ ایکسائز پشاور نے خفیہ اطلاع پر جوائنٹ چیک پوسٹ پر ایک مسافر گاڑی کی تلاشی کے دوران ملزم نوید جان ولد عبدالرشید سکنہ ناگمان سے 1,185 گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا۔پشاور میں ایک اور کارروائی کے دوران ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن سکواڈ نے سپلائی گیٹ نہر کے قریب جی ٹی روڈ پر ملزم حمید اللہ ولد شریف خان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1,060 عدد نشہ آور گولیاں، جن کا مجموعی وزن 432 گرام تھا، برآمد کر لیں۔دریں اثناء مردان میں ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن سکواڈ نے رنگ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبر RIP-307 سے 12,000 گرام چرس برآمد کر کے ملزم نور ملک ولد علی حیدر سکنہ چارسدہ کو گرفتار کر لیا۔مردان میں ایک اور بڑی کارروائی کے دوران خفیہ اطلاع پر گاڑی نمبر GAH-8888 سے 48,000 گرام چرس برآمد کر لی گئی اور منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔تمام مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ محکمہ ایکسائز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں اسی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

مزید پڑھیں