خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے حلقہ پی کے-26 بونیر میں مواصلات و تعمیرات کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ایگزیکٹو انجینئر مواصلات و تعمیرات ڈویژن II بونیر کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں ایکسین سید ناصر جہان اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں حلقہ پی کے-26 بونیر میں روڈ سیکٹراور دیگر شعبوں سے متعلق جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کنٹریکٹرز کو درپیش مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے ممکنہ اور بروقت حل کی یقین دہانی کرائی۔ سید فخر جہان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نئے منصوبوں کے جلد آغاز کو یقینی بنانے کے لیے کنٹریکٹرز کو درپیش مسائل متعلقہ حکام کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھائے جائیں گے اور ان کے مناسب حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ نئے ترقیاتی منصوبوں پر بلا تاخیر کام شروع کیا جائے جبکہ جاری منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ اگر کنٹریکٹرز کو کسی بھی سرکاری دفتر یا متعلقہ محکمے میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مسئلے کا سامنا ہو تو انہیں براہ راست آگاہ کیا جائے تاکہ ان مسائل کا بروقت ازالہ کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی بلا تعطل رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔
