عوامی اعتماد ہی ہماری اصل قوت ہے۔ مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ سید فخر جہان

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا بروقت حل، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوام کو یکساں ترقی کے دھارے میں لانا، موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کا بنیادی حصہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں پی کے 26 بونیر میں ہر شعبہ زندگی کیلئے ایسے کثیرالجہتی اور اہم ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے یہاں کے لوگوں کی زندگی بدل جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے عوامی خدمت، جوابدہی اور بہتر طرز حکمرانی کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں ایک ایسے گورننس سسٹم کو فروغ دیا جا رہا ہے جس میں عوام کی آواز کو اولین حیثیت حاصل ہو۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار حلقہ پی کے 26 بونیر میں منعقدہ پبلک ڈے کے موقع پر مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوامی وفود، عمائدین، نوجوانوں اور شہریوں سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔اس موقع پر وفود نے اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں کی ضروریات، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی خدمات کی بہتری سے متعلق تجاویز اور مطالبات پیش کیے۔صوبائی وزیر نے وفود کی باتیں تفصیل سے سنیں اور متعلقہ محکموں کے حکام کو متعدد امور پر فوری کارروائی اور فالو اپ کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد محض ترقیاتی سکیموں کا اعلان نہیں بلکہ ان کی بروقت تکمیل، معیار کی یقین دہانی اور عوام کو ان کے ثمرات کی حقیقی فراہمی ہے۔سید فخر جہان نے کہا کہ پبلک ڈے کا تصور عوامی نمائندوں اور شہریوں کے درمیان فاصلے کم کرنے اور عوام کو اپنے مسائل براہِ راست بیان کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کی بحالی، میرٹ، شفافیت اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے ایک جوابدہ اور خدمت پر مبنی نظامِ حکمرانی کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حلقہ پی کے 26 بونیر میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے، پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے ازالے، نوجوانوں کے لیے مثبت مواقع پیدا کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل اور سرکاری مشینری کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں