خیبرپختونخوا محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاون کے سلسلے میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 84 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اور تھانہ ایکسائز چارسدہ کی مشترکہ کارروائی میں گاڑی کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔اس ضمن میں محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ منشیات اسمگلرز کی جانب سے بھاری مقدار میں چرس ایک گاڑی کے ذریعے سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس اور تھانہ ایکسائز چارسدہ کی مشترکہ ٹیم نے غنی خان روڈ بہ سمت چارسدہ انٹرچینج پر ناکہ بندی کی۔کارروائی کے دوران مشکوک گاڑی نمبر AUZ-464 اسلام آباد کی تلاشی لی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی سے 84,000 گرام (84 کلوگرام) چرس برآمد کر لی گئی۔واقعہ کے بعد مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے مقدمہ تھانہ ایکسائز مردان ریجن میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے دیگر سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔محکمہ ایکسائز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخر جہان کے ہدایات کے تحت صوبے میں منشیات اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
