
محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چارسدہ اور پشاور میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 1005 گرام آئس اور 7174 عدد (4623 گرام) نشہ آور گولیاں برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
صوبائی حکومت کی انسداد منشیات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کے جاری کردہ ہدایات کے تحت محکمہ ایکسائز نے صوبہ بھر میں منشیات کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کی ہوئی ہیں۔محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق تھانہ ایکسائز چارسدہ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک موٹر کار کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران 1005 گرام آئس برآمد ہوئی۔ کارروائی میں مہمند خان ولد محمد انور، سکنہ اجون کلے شوڈاگ، تنگی کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز چارسدہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔دوسری کارروائی میں ایکسائز انٹیلیجنس بیورو سکواڈ نے خفیہ اطلاع پر پشاور رنگ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ہینو ٹرک نمبر P-7879 پشاور کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ٹرک کی ڈرائیور سیٹ کے پیچھے چھپائی گئی 7174 عدد (4623 گرام) نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ کارروائی کے دوران سردار خان ولد سوداگر، سکنہ اپر مہمند حال رامداس پشاور کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔محکمہ ایکسائز کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کی جانب سے منشیات کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں، جبکہ محکمہ نے وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات اور صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منشیات کے خاتمے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
