پی کے-26 بونیر میں 30 ملین روپے کے مواصلاتی تعمیراتی منصوبے کا افتتاح، عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ سید فخر جہان

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے ہفتے کے روز حلقہ پی کے-26 بونیر کی تحصیل گاگرا میں کلپانئی تا تختہ بند چوک روڈ کے تعمیراتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 30 ملین روپے لاگت آئے گی، جس کی تکمیل سے مقامی آبادی کو آمدورفت کی بہتر، محفوظ اور معیاری سہولیات میسر آئیں گی۔افتتاحی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت، عمائدینِ علاقہ اور پارٹی کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید فخر جہان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت اور پائیدار ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات اور ترقی کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تعمیر سے مقامی آبادی کی سفری مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبےکی تعمیر میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے عوامی فلاحی وژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل افریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں