خیبرپختونخوا محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے پشاور میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، خودساختہ اور غیر قانونی نمبر پلیٹس اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔اس سلسلے میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (I) پرائیویٹ وہیکل پشاور مسعود الحق کی سربراہی میں ایکسائز ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کو چیک کیا۔دورانِ چیکنگ گاڑیوں کی رجسٹریشن، نمبر پلیٹس اور ٹوکن ٹیکس ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کارروائی کے دوران غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، خودساختہ نمبر پلیٹس کے استعمال اور ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی میں ملوث گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ متعدد گاڑی مالکان کو موقع پر قوانین کی پاسداری اور واجبات کی بروقت ادائیگی سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر مسعود الحق نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ اور بغیر قانونی دستاویزات کے گاڑیوں کا استعمال نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ جرائم کی روک تھام اور گاڑیوں کی درست شناخت میں بھی مشکلات پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹوکن ٹیکس قومی خزانے کا اہم ذریعہ ہے جس کی بروقت ادائیگی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت رجسٹریشن کروائیں، سرکاری قواعد کے مطابق منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کریں اور ٹوکن ٹیکس بروقت جمع کرائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سہولت، قانون کی عملداری اور محصولات کی وصولی کو یقینی بنانے کیلئے یہ خصوصی مہم آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔
