محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے منشیات کے خلاف صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات پر انسدادِ منشیات کی کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ اس ضمن میں جمرود، وزیر ڈھنڈ سمیت مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 2 مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا۔محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) ڈاکٹر ماجد خان اور انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو عاکف نواز خان کی سربراہی میں،ایس ایچ او خیبر علی جان خان، ایس ایچ او پشاور روئیداد خان اور ایڈیشنل انچارج ای ائی بی وحید اکبر خان سمیت تھانہ ایکسائز پشاور، تھانہ ایکسائز خیبر اور ایکسائز انٹیلیجنس سکواڈ پر مشتمل ٹیم نے جمرود، وزیر ڈھنڈ سمیت مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 1000 گرام سے زائد آئس اور آئس ٹوکن، 6000 گرام چرس، 1500 گرام افیون، 50 گرام ہیروئن، 3000 نشہ آور گولیاں اور 2 بوتلیں شراب برآمد کی گئیں، جبکہ 2 مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔محکمہ ایکسائز کے مطابق منشیات خصوصاً آئس اور ہیروئن کے خاتمے کے لیے منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی۔
