وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی خیبرپختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ نیابت سے آئے ہوئے مختلف وفود اور عوامی نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مختلف علاقوں کے عوامی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں، جنگلات، ماحولیات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پیر مصور خان نے عوامی نمائندوں کے مسائل اور تجاویز کو غور سے سنا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے گا۔
