وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان نے محکمہ جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام پاکستان فاریسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور میں منعقدہ مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت و خطاب کیا ہے۔ اس موقع پر مشیر برائے جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد قومیں اپنے وطن کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے اور اسے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے عزم کی تجدید کرتی ہیں۔ یومِ آزادی کے موقع پر محکمہ جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام پاکستان فاریسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی اس موقع پر پیر مصور خان نے فاریسٹ انسٹیوٹ میں پرچم کشائی کی اور پی ایف آئی کی حدود میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا۔تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری شیر علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان فاریسٹ انسٹیٹیوٹ منظور احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران اور طلبہ نے شرکت کی ہے
تقریب سے خطاب کے بعد پیر مصور خان کی قیادت میں یومِ آزادی واک بھی منعقد کی گئی جس میں محکمہ جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
پیر مصور خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے 79 سالہ سفر کے دوران مختلف چیلنجز کا سامنا کیا ہے تاہم قوم نے اتحاد، محنت، قربانی اور عزم کے ذریعے ہر مشکل کا مقابلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا پیغام اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط آج بھی ہماری رہنمائی کا بنیادی اصول ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ موصوف نے یوم آزادی کے موقع پر تمام اہلِ وطن کو جشنِ آزادی پاکستان مبارک باد پیش کی ہے، اور کہا کہ ہم نے ایک قوم بن کر اس صوبے اور ملک کو اگے لے کر جانا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام سے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صوبے کے لئے شجر کاری مہم انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس مہم سے صوبے سر سبز و شاداب بنے گا جبکہ قدرتی افات کے روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ جنگلات و ماحولیات شجر کاری مہم کو ہر صورت کامیاب بنائی گی۔
