مشیر صحت خیبرپختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر کا جاپانی منصوبے جائیکا کے تعاون سے زچہ و بچہ کی صحت کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ

گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) ڈاکٹر نگار جوہر نے جاپانی منصوبے جائیکا کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ اور ملحقہ علاقوں میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کی نگرانی میں جائیکا کی پراجیکٹ ٹیم کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں مشیر صحت کو بتایا گیا کہ تکنیکی جائزے اور مذاکرات کے بعد جاپانی کمپنی میسرز کے ساتھ 1.394 ارب جاپانی ین کا خریداری معاہدہ حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔منصوبے کی مجموعی لاگت 3 ارب 147 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے، جس کا تقریباً 97 فیصد حصہ جائیکا گرانٹ کے تحت فراہم کر رہا ہے۔ منصوبے کے تحت ہزارہ ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ اور ملحقہ علاقوں، ضلع تورغر کے علاوہ، سرکاری صحت مراکز کو جدید طبی آلات فراہم کیے جائیں گے۔ان آلات میں الٹراسانڈ مشینیں، فیٹل ڈوپلر، سی ٹی جی مشینیں، نومولود بچوں کے لیے جدید سانس کی سہولیات، فوٹوتھراپی یونٹس، آپریشن اور بے ہوشی کے آلات، کولڈ چین اور شمسی توانائی کے نظام شامل ہیں۔اس موقع پر مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) ڈاکٹر نگار جوہر نے حکومت جاپان اور جائیکا کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مالی اور تکنیکی تعاون خیبرپختونخوا میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، زچگی اور نومولود بچوں کی ہنگامی طبی سہولیات بہتر بنانا اور قابلِ تدارک اموات میں کمی لانا شامل ہے۔مشیر صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ طبی آلات کی فراہمی میں معیار، شفافیت اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ آلات کی ترسیل سے قبل معیار کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ بعد ازاں تنصیب، آپریشنلائزیشن اور طبی عملے کی تربیت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ بالخصوص 2022 کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ما¶ں اور بچوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری لائے گا۔

مزید پڑھیں