وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صنعت وحرفت ہمایون خان کا حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کا تفصیلی دورہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے صنعت وحرفت ہمایوں خان نے کہا ہے کہ صوبے میں صنعت کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی اورصنعتی شعبے کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر مشیر صنعت وحرفت نے صنعتی برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور انڈسٹریل اسٹیٹ سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف صنعتی یونٹس کا بھی دورہ کیا جن میں زکوری انڈسٹریز، فرنیچر پاکستان، اور یوٹیلٹیز سٹور شامل ہیں، جہاں انہوں نے ان کے امور کا مشاہدہ کیا اور مختلف سرگرمیوں میں دلچسپی لیتے ہوئے ان کو سراہا۔ ہمایوں خان نے پشاور اکنامک زون آفس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں طاہر سبحان، زون منیجر پشاور نے دفتر کے آپریشنز، جاری سرگرمیوں اور اکنامک زون کے انتظام سے متعلق مختلف امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ دورے کے موقع پر، مشیر برائے صنعت وحرفت ہمایون خان نے پشاور اکنامک زون میں شجر کاری مہم کے تحت درخت بھی لگایا اور کہا کہ درخت صاف، سرسبز اور پائیدار صنعتی ماحول کی ضمانت ہے۔ اس موقع پرہمایون خان نے صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ترقی میں صنعتی شعبے کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ صوبائی حکومت صنعت کے فروغ کے لیے مربوط اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور صنعتی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے اس موقع پر A-1 روڈ حیات آباد کی بندش کے حوالے سے امور کا بذات خود جائزہ لیا اورصنعتکاروں کو یقین دلایا ہے کہ اس معاملے کے جلد حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

مزید پڑھیں