ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا محمد انصار اللہ خلجی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اسی مقصد کے تحت صحافیوں کے لیے قائم انڈومنٹ فنڈ کو 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ اخبارات کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے بھی عملی پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار مردان پریس کلب کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مردان پریس کلب کے صدر لطف اللہ لطف، نائب صدر محمد عارف، جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان، سینئر صحافی مسرت خان عاصی اور سابق ڈائریکٹر انفارمیشن شمس الحق نے بھی خطاب کیا۔ ریجنل انفارمیشن آفیسر نثار محمد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر ممتاز سماجی شخصیت اور اے ڈی آر چیئرمین الحاج ہمایون خلجی اور ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محمد انصار اللہ خلجی کو صحافت، عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں مردان پریس کلب کی جانب سے شیلڈز پیش کی گئیں۔
اپنے خطاب میں محمد انصار اللہ خلجی نے کہا کہ مردان ان کا آبائی شہر ہے اور یہاں کے سینئر صحافیوں کے ساتھ ان کا دیرینہ تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردان صوبے کا دوسرا بڑا شہر ہے جس نے قومی سطح پر صحافت کے میدان میں کئی ممتاز شخصیات پیدا کی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مردان کے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے صوبے میں معیاری صحافت کے فروغ، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور محکمہ اطلاعات کی بہتری کے لیے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محمد انصار اللہ خلجی کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر سماجی شخصیت الحاج ہمایون خلجی کی سماجی خدمات اور مختلف تنازعات کے پرامن حل میں ان کے مثبت کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
