اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیح دیں گے، صوبائی وزیر آبپاشی
جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنایا جائے، عاقب اللہ خان
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلیے بھی موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ آبپاشی کے زیر انتظام سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جاری و مجوزہ منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ آبپاشی، چیف انجنیرز ساوتھ و نارتھ کے بشمول دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ابپاشی عاقب اللہ خان کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے جاری و مجوزہ منصوبوں کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایرگیشن سرکل بنوں، ایرگیشن سرکل ڈیرہ اسمعیل خان، ایرگیشن سرکل مردان، ایرگیشن سرکل ہزارہ، ایرگیشن سرکل سوات، ایرگیشن سرکل صوابی اور ضم قبائیلی اضلاع میں جاری و مجوزہ منصوبوں سے متعلق غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے پر زور دیا۔ عاقب اللہ خان نے حکام کو تمام امور بروقت نمٹانے کیلیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تمام ایکسین صاحبان کی اجلاس بلانے اور اہم منصوبوں کی نشاندہی کرانے جبکہ انہیں حتمی رپورٹ پیش کرانے کیلیے بھی احکامات جاری کیئے۔