وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی، اور آبادکاری نیک محمد خان داوڑ نے رزمک ریسکیو اسٹیشن کو مزید جدید مشینری فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ اقدام علاقے میں آئندہ موسم سرما کی متوقع برف باری کے دوران سڑکوں کی ممکنہ بندش اور عوام کو فوری امداد فراہم کرنے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔رزمک ریسکیو اسٹیشن کو فراہم کی جانے والی مشینری میں بھاری ٹریکٹرز اور دیگر اہم آلات شامل ہیں، جنہیں ریسکیو آپریشنز کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے علاقے میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ ان مشینری اور آلات کی فراہمی کا مقصد برف باری کے دوران سڑکوں کو کھلا رکھنا اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عوام تک فوری رسائی ممکن بنانا ہے۔مشینری اور آلات کی باقاعدہ حوالگی پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے زریعے کی گئی، جس میں پی ٹی آئی ورکرز نے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے نمائندگان کے حوالے کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی نیک محمد خان داوڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں پوری طرح سنجیدہ ہے اور کسی بھی مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں کے موسم میں عوام کی سہولت اور ان کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نیک محمد خان داوڑ نے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ان آلات کو بہترین طریقے سے استعمال کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکل میں امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔یاد رہے کہ رزمک کے عوام کو برف باری کے دوران آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے، جس کی وجہ سے ریسکیو 1122 کی جانب سے فراہم کی گئی یہ مشینری علاقے کے لوگوں کے لئے بڑی سہولت ثابت ہوگی۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی پولیو مہم میں جعلی فینگرمارکنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ پولیو مہم میں جعلی فینگرمارکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اوران کے خلاف باقاعدہ طورپر کریمینل مقدمات بھی درج کئے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پولیوکی مہلک بیماری کی بیخ کنی ہمارے لئے بڑاچلینجنگ ٹاسک ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز کمشنرہاؤس کوہاٹ میں پولیوسے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان،وفاقی سیکرٹری نیشنل ہیلتھ ندیم محبوب،کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ،ڈی آئی جی کوہاٹ شیر اکبر، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم اوردیگرمحکموں اوراداروں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کوکوہاٹ ڈویژن بالخصوص درہ آدم خیل پایامیں حالیہ تصدیق شدہ پولیو کیس کے بارے میں تفصیلاً بتایا گیا۔اجلاس میں پولیو کے سیکیورٹی پلان پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے حالیہ پولیو کیس کی انکوائری کرکے غفلت برتنے والے ذمہ داران کوسخت سزا دینے کی ہدایت کی کیونکہ یہ قیمتی انسانی جانوں کا معاملہ ہے۔انہوں نے مزیدہدایت کی کہ یہ بھی پتہ لگایا جائے کہ جعلی فینگر مارکنگ کرنے والوں کا گارنٹرکون تھا۔ندیم اسلم چوہدری نے واضح کیا کہ پولیو ڈیوٹی میں کسی قسم کی غفلت یاکوتاہی کسی صورت قابل برداشت نہیں لہٰذا پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کے عمل کو مزید سخت کیا جائے اورضلعی انتظامیہ افسران خود ان کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔انہوں نے حکومت کا پولیوکو ہرصورت جڑ سے پھینکنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیوکیلئے استعمال ہونے والے ویکسین پربھی کڑی نظر رکھی جائے کہ کہیں وہ زائد المیعاد نہ ہوں تاکہ پولیو کے مہلک مرض کا موثر طور پر تدارک کیا جاسکے۔
صوبائی وزراء کا خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور کا دورہ
خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امورآفتاب عالم، وزیر بلدیات والیکشنزا ور دیہی ترقی ارشد ایوب خان، وزیر مال نذیر عباسی نے جمعرات کے روز خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل، سیکرٹری قانون اختر سعید ترک، ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی جہانزیب شنواری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس میں خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس اکیڈمی میں نئے نو تعنیات ججوں کی ٹریننگ ساتھ ساتھ صوبے کے دیگر سنیئر ججوں، وکلاء، لاء انفورسمنٹ ایجنسیز اور مذہبی سکالرز کو بھی مختلف ٹریننگ دی جاتی ہیں جو کہ جوڈیشل سسٹم کو خود کفیل بنانے اور عدل کی تربیت میں کافی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ دیگر اداروں کی طرح یہ اکیڈمی بھی صوبے کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے ان کو ٹریننگ فراہم کرنے اور اکیڈمی کو چلانے کے حوالے سے درپیش مسائل سے بھی صوبائی وزراء کو آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ جوڈیشل اکیڈمی کے بورڈ آف گورنرز میں صوبائی کابینہ کے ممبران کو بھی شامل کروایا جائے تاکہ جوڈیشری اور صوبائی حکومت کے درمیان فاصلے کو ختم کروایا جاسکے جس سے اکیڈمی کو درپیش مسائل پر کافی حد تک قابو پایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ایک پل کے مانند دونوں حکومت اور اکیڈمی کو آپس میں جوڑ کے رکھے گا۔صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے کہا کہ یہ اکیڈمی ایک اچھا کام کر رہی ہے اور اسے دیگر لوگوں کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ صوبائی کابینہ کے ممبران اور دیگر پارلیمنٹرین کیلئے بھی ٹریننگ کا انعقاد کروانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیے تاکہ پارلیمنٹرین بھی قانون کے مطابق مسائل کے حل تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹریننگ میں دوسرے صوبوں کے پارلیمنٹرین کو بھی مدعو کیا جائے تاکہ ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کی رائے اور تبصروں سے آگاہی حاصل کی جاسکے۔صوبائی وزیر مال نذیر احمد عباسی نے کہا کہ موجود ٹریننگ اور سیمینارز کے ساتھ ہی جوڈیشل اکیڈمی کو پیڈ کورسز، ٹریننگ اور سیمینارز شروع کروانے چاہیے تاکہ وہ اپنے اکیڈمی کے معاشی حالات کو خود بہتر بناسکے اور اکیڈمی کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کو بھی ریونیو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کا سب سے اہم ستون عدلیہ ہی ہے اور اس کو مضبوط بنانے کیلئے ہم جوڈیشل اکیڈمی کو درپیش مسائل وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کریں گے تاکہ ان کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جاسکیں۔
عدالتوں میں آئے روز جعلی حکومت کے جعلی مقدمات کی قلعی کھل رہی ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عدالتوں میں آئے روز جعلی حکومت کے جعلی مقدمات کی قلعی کھل رہی ہے اورپشاور کے رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنوں کی 9 مئی کے مقدمات میں رہائی سے یہ ثابت ہوا کہ جعلی حکومت نے پی ٹی آئی کارکنوں کو جعلی مقدمات میں پھنسایا تھا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پشاور کے رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنوں کی 9 مئی مقدمات میں رہائی کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان اوریاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے تمام بے گناہ کارکن بھی جلد رہا ہوجائیں گے۔انہوں نے کہ اسلام اباد کی عدالت نے بھی کل خیبر پختون خوا کے سینکڑوں رہنماوں اور کارکنوں کو باعزت بری کردیا ہے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکن جعلی حکومت کی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں اور کارکنوں کو عمران خان سے محبت کی سزا دی جارہی ہے جسے وہ بخوبی قبول کرتے رہے ہیں۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی فارم 47 کی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف ہر حربہ آزمایا مگر ناکام ہوئے۔ عمران خان عوام کے دلوں میں رچ بس چکا ہے جعلی حکومت کچھ بھی کرلیں عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جعلی سلطنت کو دوام دینے کے لئے فارم 47 کی جعلی حکومت مختلف حربے استعمال کررہی ہے مگر اس کا آخری وقت قریب ہے جلد اس جعلی سلطنت کا خاتمہ ہوجائیگا اور عوام سکھ کا سانس لیں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے جمعرات کے روز
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم طفیل انجم کے ہمراہ جرمن انوسٹمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے نمائندوں اور محکمہ صنعت کے حکام کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی جس میں جرمن تعاون سے صوبے میں قابل تجدید توانائی کے دو منظور شدہ منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں جرمن بنک کی ہیڈ آف ڈویژنMs.Esther Gravenkotter ودیگر نمائندوں کے علاؤہ سیکریٹری صنعت عامر افاق،سپیشل سیکریٹری انور خان،ایم ڈی ٹیوٹا منصور قیصر، ٹیوٹا کے دیگر ڈائرکٹرز اور افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جرمن سرمایہ کاری بنک کے نمائندوں نے پاکستان اور جرمن حکومت کے مابین تاریخی اعتبار سے باہمی تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے یہاں پر صوبے میں قابل تجدید انرجی کی تربیت کیلئے ہبز کے قیام کے سلسلے میں منظور شدہ باہمی تعاون کے منصوبوں کو آگے لے جانے اور باضابطہ طور پر اس کے قیام کے سلسلے میں مختلف مراحل کو مقررہ وقت میں طے کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ جرمن ادارہ ٹیوٹا کے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی پشاور میں سولر انرجی اور گورنمنٹ کالج آف سوات میں مائکرو ہائیڈل ٹیکنالوجی میں دو تربیتی مراکز قائم کرنا چاہتی ہے جسکے لیئے اکنامک افیئرز ڈویژن نے منظوری بھی دی ہے۔باہمی تعاون کا یہ منصوبہ 74.70 ملین روپے گرانٹ پر مشتمل ہے جس کے ذریعے یہاں پر 450 نوجوانوں کو سالانہ ہینڈز ان ٹریننگ دی جائے گی۔اس موقع پر معاون خصوصی عبدالکریم تورڈھیر اور سیکرٹری صنعت نے جرمن وفد سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم جرمن حکومت اور کے ایف ڈبلیو کے تعاون کے منصوبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی اور قابل تجدید انرجی کے سلسلے میں جرمن ادارے کی معاونت صوبے میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے شعبے کی ترقی کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔انھوں نے کہا کہ نئے منصوبے کی عملی تکمیل میں صوبائی حکومت اور محکمہ صنعت کی جانب سے جرمن ادارے کو حکومتی ایس او پیز کے تحت ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔معاون خصوصی نے اس موقع پر جرمن ادارے کے نمائندوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر کئی دیگر شعبوں میں ان کا ادارہ تعاون فراہم کرسکتا ہے جن میں جرمن زبان کی تربیت،سکلڈ نوجوانوں کیلئے تربیت،مائکرو ہائیڈل اور نہروں پر انرجی کے منصوبوں میں تعاون شامل ہے اور اس سلسلے میں ممکنہ تعاون کیلئے انکے ادارے کو تجاویز بھی پیش کرسکتے ہیں۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں باہمی تعاون کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور جرمن حکومت ٹیوٹا میں اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیوسٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیوسٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی عدالت نے تھانہ سیدوشریف کی حدود میں 9 مئی کے مقدمہ 7ATA میں مجھ سمیت ایم این اے سلیم الرحمان، سٹی میئر شاہد علی خان اور زاہد خان یوسفزئی کو مقدمہ میں باعزت طور پر بری کردیاہے، انہوں نے کہا کی ہم معزز عدالت میں پیش ہوئے اور معزز جج نے مقدمات سے بری کرنے کے احکامات صادر کئے. انہوں نے کہا کہ مقدمہ میں ممتاز قانون دان اورنگزیب ایڈوکیٹ، واجد علی شاہ ایڈوکیٹ، نسیم گل ایڈوکیٹ اور دیگر وکلاء نے پیروی کی۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آج ثابت ہوا کہ ہم پر 9 مئی کو جھوٹا اور من گھڑت کیس درج ہوا تھا جس سے ہم باعزت بری ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا یہ کیس ایک مذاق اور بد دیانتی پر مبنی مقدمہ تھا جو غلط ثابت ہوا جس سے اللہ تعالیٰ نے ہمیں عدالت میں سرخرو کیا اور فیصلہ سے انصاف کا علم بلند ہوا انہوں نے کہا کہ فیصلے نے پی ٹی آئی کے اس موقف کو بھی ثابت کیا کہ تمام کیسز سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات ہے انشاء اللہ شفاف ٹرائل سے تمام درج کیسز ختم ہوں جائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ ہم حقیقی آزادی کیلئے پرُ امید ہیں اور حقیقی خوشی عمران خان کے جیل سے رہائی کے دن ہی ملے گی انشاء اللہ بہت جلد ہمارے لیڈر قائد عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام لیڈر شپ اور کارکنان کے خلاف پی ڈی ایم کے جعلی حکومت کے جانب سے درج من گھڑت اور جعلی ایف آئی آر ختم ہوں جائیں گے اور جلد با عزت بری ہوکر عمران خان سمیت تمام کارکنان اور لیڈر شپ عوام کے درمیان موجود ہوں گے صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ ہم عوام کے خادم ہیں ہم عوام کے ہر مشکل کو حل کرنے کیلئے اپنے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑینگے.
مشیر صحت احتشام علی کا زیر تعمیر ہسپتال خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کئیر کا دورہ
ہسپتال کی او پی ڈی، ایمرجنسی مجھے ہر صورت فعال چاہیے، سرکاری کھاتوں میں پڑنے والا نہیں ہوں، کام چاہیے اور کام کا مطلب کام ہی ہے۔ دسمبر کے پہلے ہفتے تک مجھے ایمرجنسی اور او پی ڈی ہر صورت میں فعال چاہیے۔ کام نہیں کرسکتے تو کنٹریکٹر اور پی ڈی گھر جائیں۔ ہسپتال ابھی تیار نہیں اور طبی عملے کی تعیناتیاں بھی ہوگئی ہیں، یہ کیسا نظام ہے، بچوں کے ہسپتال میں بچوں کے سپیشلسٹ ہونگے باقی سب کی چھٹی کرائیں۔ مشیر صحت نے حیات آباد میں زیر تعمیر خیبرانسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کئیر کا منگل کے روزدورہ کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری فیاض شیرپاو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عنایت نے مشیر صحت کو ہسپتال کے تعمیر اتی مراحل اور اس میں شامل دیگر منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ مشیر صحت نے اس موقع پر ٹھیکیدار، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کا ہدایات جاری کیں ہسپتال کی ایمرجنسی اور او پی ڈی دسمبر کے پہلے ہفتے میں ہر صورت میں فعال ہونی چاہئے۔ ہسپتال ابھی تیار بھی نہیں اور اقربا پروری کے تحت طبی عملے کی تعیناتیاں شروع ہوگئی ہیں۔ مجھے اس ہسپتال میں صرف سپیشلائزڈ طبی عملہ چاہئے جو کہ ہسپتال کو چلا سکے سب کو اپنے ڈیوٹی سٹیشن بھیج دیں۔ دس سال میں ہسپتال کی تعمیر سمجھ سے بالاتر ہے۔ وفاق نے بجٹ وقت پر دیا ہوتا تو آج ہسپتال کو تعمیر ہوئے پانچ سال مکمل ہوتے۔ہسپتال کیلئے علیٰحدہ بورڈ کے قیام بارے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ہسپتال کیلئے ضروری ایچ آر فی الوقت صوبے میں موجود سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹرانسفر کے ذریعے پوری کی جائیں گی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عنایت نے مشیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ پروجیکٹ دو حصوں پر مبنی تھا جس میں انسٹی ٹیوٹ اور 250 بستروں پر مشتمل صوبے کے پہلے سپیشلائزڈ چلڈرن ہسپتال کی تعمیر شامل ہے۔ انسٹی ٹیوٹ پہلے ہی محکمہ صحت کے حوالے کیا جاچکا ہے۔ 2013 میں اس منصوبے کی لاگت دو ارب روپے تھی جو کہ 2021 میں تقریبا آٹھ ارب روپے پر جا پہنچی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے 3 ارب روپے سے زائد کی رقم مزید ریلیز ہونی ہے جس میں ڈیڑھ ارب رواں مالی سال کے دوران ریلیز ہونے ہیں۔ ہسپتال کی تعمیر کا 80% کام مکمل ہوچکا ہے۔ ہسپتال میں عملے کی تعیناتی کا عمل محکمہ خزانہ کے زیر غور ہے جبکہ بجلی، گیس اور سیوریج کی سپلائی پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اگر وفاقی حکومت درکار رقم آئندہ مالی سال میں ریلیز کرد ے تو اگلے مالی سال کے اختتام پر ہسپتال مکمل طور پر فعال ہوگا۔
ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن کے زیر اہتمام انٹر کالجز اسپورٹس گالا 2024 پشاور زون 29 سے 31 اکتوبر تک
ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن کے زیر اہتمام انٹر کالجز اسپورٹس گالا 2024 پشاور زون 29 سے 31 اکتوبر تک گورنمنٹ کالج پشاور میں منعقد کیا جا رہا ہے جس کی افتتاحی تقریب منگل کے روزمنعقد ہوئی۔ وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے جبکہ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر فرید اللہ شاہ، ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کے پی، گورنمنٹ کالج پشاور کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نادر خان بتانی، اور پشاور اور چارسدہ کے جے ایم سیز کے پرنسپل بھی شریک تھے۔اس موقع پر اپنی تقریر میں صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے سرکاری کالجوں میں کھیلوں کے فروغ اور طلبہ کھلاڑیوں کی مدد کے لیے حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کھیلوں کی ترقی میں تعلیمی اداروں کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کے پی کے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ صوبائی سطح پر کھیلوں کے گالا مرد و خواتین کالج طلبہ کے لیے صوبہ بھر میں منعقد کیے جا رہے ہیں جس سے طلبہ کی زندگی میں کھیلوں کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔واضح رہے کہ سپورٹس گالا میں باسکٹ بال، ہینڈ بال، تھرو بال، چک بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، اسکواش، اور ٹگ آف وار سمیت مختلف کھیل شامل ہیں۔قبل ازیں افتتاحی تقریب کے دوران ڈاکٹر نادر خان نے وزیرِ موصوف، پرنسپلز، پروفیسرز، سپورٹس ڈائریکٹر، اور کھیل میں شریک کھلاڑیوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت صوبائی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت صوبائی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس سول سیکریٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا طیب قریشی، مسیحی، ہندو، سکھ، بہائی اور کیلاش کمیونٹی کے نمائندوں، متعلقہ سرکاری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہمیں بحیثیت قوم مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ دین اسلام دنیا کے تمام مذاہب اور ان کے ماننے والوں کے احترام کا درس دیتا ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے حکومت اور تمام مذہبی کمیونٹییز اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایک قوم ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ باہمی بھائی چارے اور محبت کے ساتھ ملک کی ترقی میں یکجا ہوکر کردار ادا کرنا ہے۔ اجلاس کو ضلعی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق امور و کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلعی سطح پر بین المذاہب کونسلز مقامی سطح پر مسائل کے حل میں مدد گار ثابت ہوئی ہیں۔چیف خطیب مولانا طیب قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام مذہبی کمیونٹییز امن اور بھائی چارے سے زندگی گزار رہی ہیں اور معاشرے میں بھرپور ہم آہنگی موجود ہے۔شرکا کی جانب سے اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی اور کمیونٹییز کی ترقی کے لئے مختلف تجاویز بھی دی گئیں۔کمیونٹی نمائندگان نے اجلاس کے اختتام پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیااور تمام مذاہب کے درمیان پرامن بقائے باہمی کے فروغ کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا متفقہ طور پر اظہار بھی کیا گیا۔شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لئے تمام مذہبی کمیونٹییز اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ حکومت کے تعاون سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے بھی اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کھیلوں، سکالر شپ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں اقلیتی برادری کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور امن کے قیام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، قیام امن سے ہی ملک کی معاشی ترقی وابستہ ہے۔اجلاس کے اختتام پر چیف خطیب نے ملک کی سالمیت، استحکام، ترقی اور قوم کے اتحاد و یکجہتی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ شوکت آباد سمیت ضلع مانسہرہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ علاقے کی پسماندگی دور کرکے ایک بہتر مستقبل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ اس سلسلے میں عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوکت آباد ضلع مانسہرہ کے دورے کے موقع پر کیا جہاں علاقے کے لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر زاہد چن زیب نے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی بھرپور کوششوں کا اعادہ کیا۔مشیر سیاحت و ثقافت نے کہا کہ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا کر یہاں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شوکت آباد سمیت ضلع مانسہرہ میں خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے خواب کی تعبیر کو جلد ممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی ترقی میں تیزی لانے کے لیے صوبائی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں اور شوکت آباد کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ زاہد چن زیب نے یقین دلایا کہ علاقے کی پسماندگی دور کر کے مثبت تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لیے درکار فنڈز کے حصول کے لیے بھی صوبائی حکومت سے رابطہ جاری ہے۔ مشیر سیاحت و ثقافت نے یقین دلایا کہ حکومتی اقدامات سے یہ علاقے جلد خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔
