Home Blog Page 195

کمشنر ہزارہ اورڈی آئی جی ہزارہ کی زیر صدارت عید الاضحی سیکیورٹی،دیگر اہم انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا۔

کمشنر ہزارہ ڈویژن عا مر سلطان ترین نے ہدایات جاری کر تے ہو ئے کہا کہ عید الاضحی پرہزارہ ڈویژن میں آ‘نے والے سیاحوں کو ہرممکنہ سہولیات دی جائیں، ٹریفک کی روانی بھی بہتر بنائی جائے، عید الاضحی پر بہترین حکمت عملی کے ساتھ مناسب انتظامات کو مکمل کیا جائے،امن و امان کی فضاء کو بہتر بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں،جی ڈی اے، کے ڈی اے، این ایچ اے، 1122ریسکیو اور دیگر تمام ادارے مل کر کام کریں، سیاحوں کو ہرممکنہ سہولیات دی جائیں۔
یہ ہدا یا ت انہوں نے کانفرنس ہال آر پی اوآفس میں عید سیکیورٹی و سیاحتی مقامات گلیات و کاغان میں آنے والے سیاحوں کیلئے ٹریفک و سیکیورٹی پلان کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدا رت کر تے ہو ئے جا ری کیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی ہزارہ ڈویژن طاہر ایوب خان، ڈی پی اوز و ڈی سیز ایبٹ آباد و مانسہرہ، جنرل منیجر نیشنل ہائی وے اتھارٹی، ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی و ڈی جی کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ایس ایس پی ٹریفک وارڈن ایبٹ آباد، اے سی ایبٹ آباد و اے سی بالاکوٹ اور ایس ڈی پی اوز گلیات و بالاکوٹ نے شرکت کی۔ ڈی پی اوز نے عید سیکیورٹی و ٹریفک پلان کے حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ و کمشنر ہزارہ کو تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن عامر سلطان ترین نے افسران کوہدایات دیتے ہوئے کہا عید الاضحی پر بہترین حکمت عملی کے ساتھ مناسب انتظامات مکمل کیے جائیں۔ عید کے ایام انتظامیہ اور پولیس کیلئے اہم ہیں بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے سیاحوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا اور انکا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اس لئے تمام افسران عید الاضحی پر تمام تر وسائل کو بروے کار لائیں اور علاقہ میں امن و امان کی فضاء کو ہر ممکن قائم رکھا جائے اور سیاحت کو مزید فروغ دیا جائے۔عید الاضحی کی سیکیورٹی اور مویشی منڈیوں میں مناسب سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور عوام کو بھرپور جانی و مالی تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 بھی اس موقع پر متحرک رہے گی تاکہ خدا نخواستہ کسی سانحہ یا حادثہ کو بروقت رسپانس کیا جائے اور متاثرین کو جلد از جلد مدد فراہم کی جا سکے۔

محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس

ڈیرہ اسماعیل خان، ڈپٹی کمشنر منصور ارشدکی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبد الرؤف بابر قیصرانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرکے علاوہ پاک فوج کے افسران، محکمہ پولیس، صحت، تعلیم، واپڈا، ٹی ایم اے، ہسپتال ڈائریکٹرز ایم ٹی آئی مفتی محمود میموریل ہسپتال، ڈی ایچ کیو ہسپتال، سول ڈیفنس، ڈبلیو ایس ایس سی، ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ہدایات دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے ڈیوٹی اور فیلڈ سٹاف کی لسٹ شیئر کریں تاکہ بروقت پاسسز تیار کیے جا سکیں۔ ہسپتالوں میں ایمبولنسز اور ایمرجنسی سٹاف کی ماپ ایکسرسائز کرائی جائے تاکہ نہ صرف ورکنگ مشینری کو چیک کیا جا سکے بلکہ ایمرجنسی رسپانس کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔اسی طرح ہسپتالوں میں ادویات اور فرسٹ ایڈ ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز و دیگر عملے کے ڈیوٹی روسٹرز بھی شیئر کیے جائیں۔ ٹی ایم اے اور ڈبلیو ایس ایس سی کی جانب سے صفائی، نکاسی، جھاڑیوں اور راستوں کی صفائی اور لائٹس کا انتظام تیار رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو1122 کی خدمات قابل ستائش ہیں لہذا 1122کی جانب سے ریسکیو آلات، ایمبولنسز، فائر بریگیڈ اور فائر فائٹنگ عملے کو تیار رکھا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبد الرؤف بابر قیصرانی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے دو الگ الگ کنٹرو ل رومز بنائے جائیں گے، تمام محکمے الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پرنظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک صورتحال کی اطلاع فوری فراہم کریں تاکہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی دشمن سازش کے تحت انتشار پھیلانے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا لہذا ایسے عناصر سے متعلق بھی ہوشیار رہیں کیونکہ دشمن نہیں چاہتا کہ خطے میں ہم آہنگی، بھائی چارے اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ ملے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عید الاضحی کی چھٹیوں کے فوراً بعد پاسز کے اجراء کیلئے ڈیٹا فراہم کیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ 5جولائی تک تمام محکمے کنٹی جنسی پلان شیئر کریں تاکہ تمام تر انتظامات کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔

خیبر پختونخوا کی نگران وزیربرائے اعلی تعلیم اور قانون کی زیرصدارت گورنرہاؤس پشاور میں فاٹا یونیورسٹی ایف آر کوہاٹ کا سینیٹ اجلاس

خیبر پختونخوا کی نگران وزیربرائے اعلی تعلیم اور قانون جسٹس (ریٹائرڈ) ارشاد قیصر کی زیرصدارت گورنرہاؤس پشاور میں فاٹا یونیورسٹی ایف آر کوہاٹ کا سینیٹ اجلاس منعقد ہوا۔سینیٹ اجلاس میں فاٹا یونیورسٹی ایف آر کوہاٹ کا 16.631 ملین کا سرپلس بجٹ پیش کیا گیا۔تفصیلی تجزیے کے بعد سینیٹ نے فاٹا یونیورسٹی ایف آر کوہاٹ کا 308.226 ملین کا سرپلس بجٹ منظور کیا۔سینیٹ اجلاس میں بتایا گیا کہ فاٹا یونیورسٹی ایف آر کوہاٹ کی فیس لوکل طلباء کے لئے ان کے مالی حالت کو مدنطر رکھتے ہوئے کم رکھی گئی ہے جبکہ سکیورٹی کے انتظامات مزید بہتر کرنے کے لئے سیکیورٹی کمپنی کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ سینیٹ کو مزید بتایا گیا کہ اسی مہینے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے 10 ملین روپے دئے گئے ہیں۔ یونیورسٹی کا جی پی فنڈ سسٹم ختم کرکے سی پی فنڈ پر منتقل کر دیا گیا ہے اور بھرتیاں بھی شروع کی گئی ہیں، اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے دئے گئے کفایت شعاری کے اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پرنگران صوبائی وزیر جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ پس ماندہ علاقوں میں یونیورسٹیاں قائم کی گئی ہیں جن سے وہاں پر مقیم طلباء مستفید ہو رہے ہیں۔

ہیلتھ کئیر کمیشن کی جانب سے کیٹیگری ون ہسپتال لائسنس حاصل کرنے والے صوبے کے ہسپتالوں کو لائسنس کے اجرا کے سلسلے میں پُروقار تقریب

ہیلتھ کئیر کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے کیٹیگری ون ہسپتال لائسنس حاصل کرنے والے صوبے کے پہلے چھ ہسپتالوں کو لائسنس کے اجرا کے سلسلے میں پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چئرمین ہیلتھ کئیر کمیشن بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر اکرام غنی، ممبرز بورڈ آف گورنرز محمد ہمایوں، ڈاکٹر عالمزیب درانی، نوشین، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ عطاالرحمان، چیف ایگزیکٹیو ہیلتھ کئیر کمیشن ڈاکٹر ندیم اختر، ایڈیشنل ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شاہد یونس، سابق مشیر صحت ڈاکٹر عابد جمیل، چیف ایچ ایس آر یو ڈاکٹر شاہین آفریدی، چیف ایگزیکٹیو صحت کارڈ پلس ڈاکٹر ریاض تنولی و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔تقریب سے اپنے خطاب میں چئیرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر اکرام غنی کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کئیر کمیشن نے پشاور کے چھ ایسے ہسپتالوں کو لائسنس جاری کردئیے ہیں جو کیٹگری ون ہسپتال کی معیاری جانچ پر پورا اُترے ہیں۔ ان ہسپتالوں میں پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، شوکت خانم ہسپتال، آفریدی میڈیکل کمپلیکس، ایم ایم سی جنرل ہسپتال، نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال اور رحمان میڈٰکل انسٹیٹیوٹ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایک دن کا سفر نہیں تھا بلکہ پچھلے ایک سال سے ہیلتھ کئیر کمیشن فعالی و بحالی کا سفر طے کررہا ہے۔ صحت کے معیار کو بہتر بنانے اور عطائی ڈاکٹروں کا قلع قمع کرنے کیلئے ہیلتھ کئیر کمیشن کی استعداد کار کو بڑھایا جارہا ہے۔ چیف ایگریکٹیو آفیسر ڈاکٹر ندیم اختر نے تقریب کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے ایک سال میں ہیلتھ کئیر کمیشن کو فعال کرنے کیلئے بورڈ نے کافی محنت کی ہیں۔ قوانین میں ترامیم رولز و ریگولیشن کی تیاری اور لائسنسگ اور رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنا تھا۔ ہم نے رجسٹریشن کے عمل کو ڈیجٹائزڈ کر دیا ہے اب آن لائن رجسٹریشن کیلئے درخواست دی جاسکتی ہے۔ ایک ہفتے کے اندر اندر ہسپتالوں کو رجسٹریشن سر ٹیفیکیٹ موصول ہوجاتا ہے۔کوئی بھی بڑے سے بڑا ہسپتال اب صرف 100 روپے میں ہیلتھ کئیر کمیشن کیساتھ رجسٹر ہوسکے گا ۔صوبے میں کُل ہسپتالوں کی تعداد کا اندازہ لگانے اور جیو ٹیگنگ کا عمل آئندہ چھ ماہ میں مکمل ہوجائیگا۔ عطائی ڈاکٹروں کیخلاف کاروائیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کاروائی میں اب تک 7 ہزار سے زائد معائنے کئے جاچکے ہیں۔ ان انسپکشنز کے دوران سات سو زائد غیر قانونی کلینکس کو سیل کیا گیا ہے۔ اب تک صوبے میں 14000 ہسپتال رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ جس کے نتیجے میں 250 ہسپتالوں کو پروویژنل لائسنس جبکہ چھ ہسپتالوں کو فُل لائسنس جاری کئے جاچکے ہیں۔

ایکسائز کی ایک اور بڑی اور کامیاب کاروائی ، بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام

تفصیلات کے مطابق آفتاب الدین ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول کے زیر سرپرستی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر نارکوٹکس کنٹرول اور سرکل آفیسر مردان ریجن کے زیر نگرانی ایکسائز مردان ریجن نے بمعہ دیگر نفری خفیہ اطلاع پر مردان چارسدہ روڈ پر گاڑی نمبری LEE 8047 کو روک کر دوران تلاشی گاڑی سے 48000 گرام (48 کلو گرام) چرس برآمد کی، دو ملزمان امتیاز احمد ولد ریاض احمد ساکن کریم پورہ پشاور اور عمر علی ولد نصرت علی ساکن جہانگیرہ پشاور کو موقع پر گرفتار کر کے مزید تفتیش اور قانونی کاروائی کیلئے تھانہ ایکسائز مردان ریجن میں مقدمہ درج کردیا گیا۔

احسان اللہ سیکریٹری محکمہ ایکسائز ، اکمل خان خٹک ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اور آفتاب الدین ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول نے متعلقہ عملے کی حالیہ کاروائی کو سراہا اور شاباشی دی۔

مون سون بارشوں اور سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے مون سون بارشوں اور سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے جمعہ کے روز اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں طوفانی بارشوں، آندھی، طوفان اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں نقصانات سے بچنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری آبپاشی، ریلیف، سی اینڈ ڈبلیو سمیت آرمی، ایف سی، ریسکیو، پی ڈی ایم اے حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ جبکہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتہائی ضروری منصوبوں کی منظوری دیدی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ سوات میں بحرین بازار روڈ کی بحالی پر تیزی سے جاری کام رواں ہفتے کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کی مالی مشکلات کے باوجود سیلاب سے نمٹنے کے لئے درکار فنڈز کی دستیابی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جارہی ہے۔ اور ہدایت کی کہ نوشہرہ میں حفاظتی پشتوں میں شگافوں کی فوری طور پر مرمت کی جائے۔چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت کی کہ سیاحتی اضلاع میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی متوقع تعداد کے مطابق اقدامات کئے جائیں۔ کسی ناگہانی صورتحال اور سیلاب کی وجہ سے رابطہ سڑکیں منقطع ہونے پر سیاحوں کے لیے مناسب انتظامات بھی کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ سینڈ بیگز، لائف جیکٹس، کشتیاں، ڈی واٹرنگ پمپس سمیت دیگر درکار ضروری آلات اور مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ سیلابی ریلوں کے ممکنہ خطرے کے حامل اضلاع بالخصوص چترال، سوات، ڈی آئی خان، ٹانک، چارسدہ، نوشہرہ میں پیشگی ضروری اقدامات کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار اضلاع میں انتظامیہ پہلے سے اشیائے خوردونوش، پیٹرول اور ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ بھی یقینی بنائے۔ چیف سیکرٹری نے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو محکمہ ریلیف کے مون سون منصوبے اور اربن فلڈنگ پلان پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انکا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے بروقت اقدامات ضروری ہیں۔

بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کی مقتول من موہن سنگھ کے لواحقین سے ملاقات اور تعزیت

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی اور اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی ہدایت پر مقتول منموہن سنگھ کے لواحقین سے ملاقات اور تعزیت کی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل شرپسندوں کی فائرنگ سے زخمی ترلوک سنگھ کے گھر گئے اور ان کی عیادت کی۔ نگران صوبائی وزیر نے ان کے علاجِ کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے مالی معاونت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر یہاں آئے ہیں۔ نگران وزیراعلی نے اس افسوسناک واقعہ کا فوری نوٹس لے کر متعلقہ اداروں کو تحقیقات کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی اور لواحقین کو انصاف دلایا جائے گا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے مزید کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے اور اقلیتوں کو نشانہ بنا کر علاقے کا امن خراب کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔ صوبے میں مثالی بھائی چارے کی فضا قائم ہے۔ کسی گروہ کو یہ امن اور بھائی چارے کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صوبے میں بسنے والی اقلیتیں اس صوبے پر برابر کا حق رکھتیں ہیں۔

بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے گردوارہ بھائی جوگا سنگھ محلہ جوگن شاہ میں مقتول منموہن سنگھ کے والد موہن سنگھ اور بھائی سمیت سکھ برادری کے رہنماؤں سے ملاقات میں انہیں صوبائی حکومت کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ منموہن سنگھ کے قاتلوں کی جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

محکمہ ماہی پروری خیبر پختونخوا نے ہزارہ ڈویژن میں ٹراؤٹ مچھلیوں میں پائے جانے والے بیماری کا تفصیلی معائنہ

محکمہ ماہی پروری خیبر پختونخوا نے ہزارہ ڈویژن میں ٹراؤٹ مچھلیوں میں پائے جانے والے بیماری پر قابو پانے اور مذید پھیلنے سے روکنے کیلیے ڈائریکٹر جنرل فشریر خصرو کلیم کی قیادت میں وادی کاغان کے مختلف مچھلی فارمز کا دورہ کیا اس موقع انکے ہمراہ جاپانی تحقیقاتی ماہر اور جیکا(JICA) اتھارٹی کے نمائندہ ہیمامٹسویاشی، ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز ضلع مانسہرہ فہیم اختر خان اور دیگر نے بھی موجود تھے تحقیقاتی ٹیم نے وادی کاغان کے مختلف ٹراؤٹ مچھلی فارمز میں بیماری سے مرنے والے مچھلیوں کا تفصیلی معائنہ کیا جاپانی تحقیقی ماہر ہیمامٹسویاشی نے مذید تحقیق کیلیے فارمز میں بیمار مچھلیوں کے نمونے بھی اکٹھے کئے اور ان کے تصاویر بھی کھینچ لیے انہوں نے جیکا اتھارٹی کی طرف سے مچھلی فارمز تکنیکی معاونت اور جدید مشینری کے ساتھ ساتھ نئی ٹراؤٹ بریڈ متعارف کرانے کی یقین دہانی کرائی ڈی جی فشریز خصرو کلیم نے تکنیکی معاونت کی فراہمی اور نئی ٹراؤٹ بریڈ متعارف کرانے پر جاپانی تحقیقی ماہر کا شکریہ ادا ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز ضلع مانسہرہ کو ہدایت جاری کی کہ جیکا کنسلٹنٹ کے ساتھ مکمل تعاون کریں

منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام ، افیون او چرس برآمد، دوسری کاروائئ میں افیون برآمد، ملزم گرفتار ، مقدمہ درج۔

تھانہ ایکسائز پشاور ریجن کی دو کامیاب کاروائیاں ، پہلی کاروائی میں بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام ، 27600 گرام افیون اور 3600 گرام چرس برآمد، دوسری کاروائئ میں 490 گرام افیون برآمد، ملزم گرفتار ، مقدمہ درج۔

تفصیلات کے مطابق پہلی کاروائی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر اور سرکل آفیسر پشاور ریجن کے زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور ریجن نے بمعہ دیگر نفری خفیہ اطلاع پر فرنٹیئر روڈ باڑہ بازار میں کاروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبری K 7122 سے دوران تلاشی 27600 گرام افیون اور 3600 گرام چرس برآمد کی ، مزید تفتیش اور قانونی کاروائی کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور میں ریجن میں مقدمہ درج کردیا گیا۔ دوسری کاروائی میں ایس ایچ او تھانہ ایکسائز کے زیر نگرانی ایکسائز چیک پوسٹ کوہاٹ پر ایکسائز ٹیم نے مسافر گاڑی میں سوار مسافر سے دوران تلاشی 490 گرام افیون برآمد کی، ملزم شفیق خان ولد غلام جان ساکن یکہ غنڈ تحصیل پنڈیالی ضلع مہمند کو موقع پر گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر دیا گیا،

ملحقہ علاقوں کے مالکان کی اراضی کو محفوظ بنانے کے لیئے ان کی اراضی کا ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن

خیبر پختوننخوا کے نگران وزیر بلدیات، الیکشن اور دیہی ترقی ساول نذیر خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی حیات آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں کے مالکان کی اراضی کو محفوظ بنانے کے لیئے ان کی اراضی کا ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن اور سکیننگ کیا جائے گا تاکہ مالکان اراضی اپنی اراضی کا ریکارڈ ایک کلک کے ذریعے آسانی سے دیکھ سکیں اور انہیں کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اچانک دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات نے اسٹیٹ منیجمنٹ ریکارڈ روم اور پلاٹوں کے تبادلوں کی ون ونڈو آپریشن سیکشن کا دورہ کیا اور وہاں موجود لوگوں کو پلاٹوں کی ٹرانسفر سے متعلق درپیش مسائل دریافت کیے ۔ صوبائی وزیر بلدیات نے پی ڈی اے کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ آحیات آباد کے رہائشیوں کو موجود ہ دستیاب وسائل کے مطابق بھرپور سہولیات فراہم کرےں اور خصوصی طور پر ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لیئے ڈیجیٹائزیشن اور سکیننگ کی جائے تاکہ یہاں کے عوام اپنے اراضی ریکارڈ کو آسانی سے ایک کلک کے ذریعے سے دیکھ سکیں۔ انہوں نے پلاٹوں کے حوالے سے لوگوں کے مسائل جلد حل کرنے اور ایک سہل و شفاف نظام اپنانے کی بھی ہدایت کی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجو دتھے۔