Home Blog Page 221

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت کے مطابق چاول کی کاشت اور ان کی پیداوار بڑہانے کے لئے زمینداروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت کے مطابق چاول کی کاشت اور ان کی پیداوار بڑہانے کے لئے زمینداروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے کسانوں کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد نے جمال بلوچ اورطفیل بلوچ کے سربراہی میں پشاور میں ان سے ملاقات کی اور صوبائی وزیر زراعت سے سیڈ کی فراہمی،کسانوں کو درپیش مسائل اور فصلوں خاص کر چاول، گندم، مکئی اور زعفران وغیرہ کی پیداوار بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر نے وفد کی معروضات انتہائی توجہ سے سنیں اور ترجیح بنیادوں پر انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیر زراعت نے کہا کہ شعبہ زراعت انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور صوبائی حکومت اس کی ترقی پر خاص توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور زمینداروں کے مسائل سے وہ بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لئے تمام تر توانائیا اور وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔انہوں نے سیڈ فارم راکھ منگھن، بندکورائی اور رتہ کلاچی میں چاول اور زعفران اور دیگر فصلوں میں اضافے کے لئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ زمیندروں کی فلاح کے حوالے سے کوئی سستی نہیں برتی جائے گی۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے جمعرات کے روز پشاور میں واقع فرنٹیئر فاؤنڈیشن بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر کا دورہ کیا

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے جمعرات کے روز پشاور میں واقع فرنٹیئر فاؤنڈیشن بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے سنٹر میں داخل مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر فرنٹیئر فاونڈیشن سنٹر کی انتظامیہ نے چیف سیکرٹری کو فرنٹیئر فاونڈیشن کی سرگرمیوں اور خدمات کے بارے میں جامع بریفنگ د یتے ہوئے بتایا کہ فرنٹیئر فاؤنڈیشن کا 2003 میں قیام عمل میں لایا گیا تھا جس کا مقصد خون کے مختلف دائمی امراض میں مبتلا مریضوں کو خون اور خون کے اجزاء مفت فراہم کرنا تھا۔ اس وقت فرنٹیئر فاؤنڈیشن بلڈ ٹرانسفیوژن سینٹر تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے شکار افراد کے لیے امید کی کرن کے طور پر کھڑا ہے اور مریضوں کو خون کی منتقلی کے ساتھ ساتھ ضروری علاج اور مدد فراہم کرتا ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے خون کے مختلف دائمی امراض میں مبتلا مریضوں کو خون کی مفت فراہمی اور صحت کے شعبے میں اہم خدمات فراہم کرنے پر فرنٹیئر فاؤنڈیشن بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر کے کردار کی تعریف کی۔

پشاور: شاہ ولی قتال میں درخت کاٹنے کا معاملہ

0

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور نے نوٹس لے لیا

شاہ ولی قتال میں ایک بزرگ درخت کاٹنے کا عمل میرے علم میں نہیں لایا گیا تھا ۔ صاحبزادہ محمد عدنان قادری

خبر ملتے ہی درخت کاٹنے کے حوالے سے اجلاس بلایا. عدنان قادری

مجھے آگاہ کیا گیا کہ مذکورہ درخت کاٹنے کے لیے اجازت نامہ محکمہ جنگلات سے وصول کر لیا گیا تھا. عدنان قادری

اجازت نامہ وصولی کے باوجود بھی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا ہے. عدنان قادری

انکوائری سے متعلقہ درخت کاٹنے کے دیگر محرکات بھی سامنے آ جائیں گے. عدنان قادری

کوئی غیر شرعی یا غیر قانونی عمل کے محرکات سامنے آئے تو قانونی کارروائی کریں گے. عدنان قادری

عوامی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے. عدنان قادری

دہائیوں تک اس درخت کی حفاظت بھی محکمہ اوقاف نے ممکن بنایا. عدنان قادری

نوجوانوں کے لیے بلاسود قرضوں کا اعلان، آئندہ مالی سال میں ایک لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔ وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے بلاسود قرضے بھی دے گی ، آئندہ مالی سال کے دوران صوبے کے ایک لاکھ نوجوانوں کو بلاسود قرضے دئیے جائیں گے ۔ پاکستان کی آباد ی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ہی پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لائے گی اور انہیں میرٹ کی بنیاد پر سیاست سمیت ہر میدان میں اپنے ٹیلنٹ کے جوہر دکھانے کے مواقع فراہم کئیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداران نے صوبائی صدر اشفاق مروت کی سربراہی میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ۔ اپنی حکومت کی گورننس اور قانون سازی کی حکمت عملی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں نئی قانون سازی کا عمل جلد شروع کرنے جارہی ہے، ہم قانون سازی کے ہی ذریعے گورننس کو بہتر بنائیں گے اور کرپشن اوررشوت ستانی کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رشوت ایک ناسور ہے جس سے میرٹ اور ٹیلنٹ دونوں کا قتل عام ہوتا ہے جس کی ہم کبھی بھی اجازت نہیں دیںگے ، رشوت ستانی کے خلاف عوام بھرپورآواز اٹھائیں ، اس کی نشاندہی کریں ، حکومت فوری ایکشن لے گی۔ ہم قانون سازی کے ذریعے اینٹی کرپشن کے نظام کو مضبوط بنائیں گے، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پورٹل کے قیام پر کام جاری ہے جس کے ذریعے عوامی شکایات اور مسائل کی ٹریکنگ کی جائے گی ۔ سرکاری محکمے عوام کی خدمت کےلئے بنے ہیں ، سرکاری لوگوں کا کام عوام کی خدمت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے قومی سطح پر ملک کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر آج انہی لوگوں کو دوبارہ مسلط کردیا گیا ہے جن کی وجہ سے ملک بحرانوں سے دوچار ہے ، یہ مفاد پرست ٹولہ ملک کا سوچنے کی بجائے ذاتی مفاد کا سوچتا ہے۔ ایک طرف ملک کا قرضہ بڑھ رہا ہے ، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے تو دوسری طرف ملک مالی بحرانوں میں دھنسا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ، عوام نے مینڈیٹ عمران خان کو دیا ہے ، ایک مخصوص ٹولے کی خاطر ملک کے آئین کو بار بار توڑا جارہا ہے ، آئین میں آرٹیکل 6 کا مقصد یہی ہے کہ کوئی آئین توڑنے کی جرات نہ کرسکے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نوجوان عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی طاقت ہےں ، عمران خان کی صوبائی حکومت ان پر خصوصی سرمایہ کاری کرے گی اور انہیں ایک قیمتی اثاثہ بنائے گی ۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی واحد لیڈر ہےں جو امت مسلمہ کو متحد کرنے اور ظلم و بربریت کے خلا ف بولنے کی جرات رکھتے ہیں ۔ فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف یہ نااہل حکمران بات تک نہیں کر سکتے۔ عمران خان ہی واحد لیڈر ہےں جو کشمیریوں کا مقدمہ بین الاقوامی فورمز پر موثر انداز میں لڑنے کی ہمت اور جرات رکھتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے تین نئی ہاؤسنگ اسکیموں کا افتتاح کر دیا، سستے اور معیاری رہائشی پلاٹس فراہم کرنے کا عزم

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے عوام کو بہترین رہائشی سہولیات کی فراہمی کےلئے صوبے میں تین نئی ہاوسنگ اسکیموں کا افتتاح کر دیا ہے جن میں ہنگو ٹاون شپ ، ڈانگران ہاوسنگ اسکیم سوات اور میگا سٹی نوشہرہ شامل ہیں۔ 8362 کنال رقبے پر محیط ہنگو ٹاون شپ مختلف مرلہ کے 10162 رہائشی اور کمرشل پلاٹس پر مشتمل ہے، 501 کنال رقبے پر محیط ڈانگرام ہاوسنگ اسکیم مختلف مرلہ کے 682 کمرشل اور رہائشی پلاٹس پر مشتمل ہے جبکہ خیبرپختونخوا ہاوسنگ اتھارٹی میگا سٹی نوشہرہ 1750 کنال رقبے پر محیط ہے جس میں مختلف مرلہ کے 3500 کمرشل اور رہائشی پلاٹس دستیاب ہوں گے۔ہاوسنگ اسکیموں کے افتتاح کے سلسلے میں بدھ کے روز ایک تقریب کا انعقاد وزیراعلیٰ ہاوس میں کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد ، رکن صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی اور دیگر سرکاری حکام شریک ہوئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کو رہائش کی سستی اورمعیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، اس مقصد کےلئے صوبائی حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تین میگا ہاوسنگ اسکیموں پر کام شروع کر دیا ہے۔ یہ تین اسکیمیں 21ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے شروع کی جائےں گی ، ان تینوں ہاوسنگ اسکیموں میں متعلقہ ریجنز سے تعلق رکھنے والے تمام اداروں کے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کے ورثاءکو پانچ پانچ مرلے کے پلاٹس مفت دئیے جائیں گے ، جو ان شہداءکی قربانیوں کا اعتراف ہے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں 85 ارب روپے مالیت کی مزید ہاوسنگ اسکیمیں بھی شروع کی جائیں گی جن کی تکمیل سے لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی تمام سیکٹرز کو ترقی دینے کی منصوبہ بندی کر لی ہے ،استعداد کے حامل شعبوں کو ترقی دیکر صوبے کی آمدن میں اضافے کےلئے اقدامات شروع کردئےے گئے ہیں ۔ ہم مختلف شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبے شروع کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاوسنگ ، توانائی ، سیاحت اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سرماری کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں ، ہم ان شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے، سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ایز آف ڈوئنگ بزنس کو فروغ دیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاق سے اپنے واجبا ت کے حصول کیلئے کیس موثر انداز میں لڑنے کے ساتھ ساتھ اپنے وسائل کے مو¿ثر استعمال کےلئے صوبے کی آمدن کو بھی بڑھائیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا زمونگ کور کا دورہ، بچوں کے لئے اعلیٰ تعلیمی اخراجات اور فنی تربیت کے اقدامات کا اعلان۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روزپشاور میں اسٹیٹ چلڈرن کیلئے قائم مرکز”زمونگ کور” کا دورہ کیا اور مرکز میں بچوں کو فراہم کی جانے والی رہائش ، خوراک اور تعلیم و تربیت کی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ نے زمونگ کورکے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور زیر تعلیم طلبہ سے ملاقات بھی کی ۔ وزیراعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبود مشال یوسفزئی ، سیکرٹری سماجی بہبود سید نذر حسین شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے زمونگ کور میں نو قائم شدہ ووکیشنل ٹریننگ کا افتتاح بھی کیا ، ٹریننگ سنٹر میں مختلف شعبوں میں بچوں کو فنی تربیت دی جائے گی ۔وزیراعلیٰ نے زمونگ کور میں مقیم بچوں کی بنائی ہوئی پینٹنگز اور دیگر مصنوعات کے سٹالز کا بھی معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے زمونگ کورمرکز میںطلبہ اور ان کے اساتذہ سے خطاب کے دوران زمونگ کور مرکز کے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے اور میرٹ کی بنیاد پر زمونگ کور میں زیر تعلیم بچوں کے اعلیٰ تعلیم کے اخراجات صوبائی حکومت کی طرف سےبرداشت کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ زمونگ کور میں زیر تعلیم جو بھی بچے کسی بھی اعلیٰ تعلیمی ادارے میں داخلہ لے سکیں صوبائی حکومت ان کے تمام تعلیمی اخراجات خود برداشت کرے گی ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ زمونگ کور کو درکار تمام فنڈز سال کے شروع ہی میں بیک وقت جاری کئے جائیں گے تاکہ زمونگ کور کو کسی بھی کسی قسم کی مالی مشکلات کا سامنا نہ ہو ۔ وزیراعلیٰ نے زمونگ کور میں مقیم بچوں کی فلاح و بہبود کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ زمونگ کور میں مقیم بچے ہمارے بچے ہیں ، ان کی معیاری تعلیم و تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ صوبائی حکومت ان بچوں کو ملک کے ٹاپ کلاس سکولوں کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کرے گی اور انہیں کامیاب انسان بنانے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت تمام تعاون فراہم کرے گی ۔اُنہوںنے مزید کہا کہ اسی دور حکومت میں ہی زمونگ کور مراکز کو ملک کے ٹاپ کلاس نجی تعلیمی اداروں کے برابر لایا جائے گا۔ اُنہوںنے اساتذہ اور دیگر عملے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ زمونگ کور میں مقیم بچوں کے ساتھ اپنے بچوں جیسا رویہ اپنائیں ، یہ فرائض منصبی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ آخرت کیلئے بھی ثواب کا ذریعہ ہے ۔

معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان کی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ سے ملاقات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی، ملک لیاقت علی خان نے صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کے ساتھ سے صوبائی پاپولیشن ٹاسک فورس  کے حوالے سے پشاورمیں ایک اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کا مقصد صوبائی پاپولیشن ٹاسک فورس کے حوالے سے مشاورت اور صوبے میں بہبود آبادی کے مسائل اور چیلنجز پر غور وفکر کرنا تھا۔ اجلاس میں ڈاکٹر سلیم ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت، معتصم باللہ سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی، عائشہ احسان ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران، ملک لیاقت علی خان نے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ سے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق، فیملی ویلفیئر سینٹرز (FWC) کو پرائیوٹ سنٹرز کی بجائے جلد از جلد بنیادی مراکز صحت (BHUs)اور دیہی مراکز (RHCs) میں منتقل کیا جائے۔ ملک لیاقت علی خان نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام عوام کو بہتر اور زیادہ قابل رسائی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے اس بات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ صحت ہر ممکن اقدامات کرے گا تاکہ اس منتقلی کا عمل جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت دی کہ (FWCs) کو(BHUs) اور (RHCs) میں ایک ہفتے کے اندر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے ادارے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کی جائیں۔اجلاس کے دوران، ملک لیاقت علی خان نے محکمہ بہبود آبادی کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل، اور ان کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی گفتگو بھی کی۔ انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کے مختلف مسائل اور چیلنجز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے محکمہ بہبود آبادی کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کمیونٹیز میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ محکمہ بہبود آبادی کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر طریقے سے انجام دے سکیں اور عوام کی بہتر طور پر خدمت کر سکیں۔

کمیونٹی گرلز سکولز اساتذہ کو فوری طور پر طور پر ایک ماہ کی تنخواہ ریلیز کی جائے گی جبکہ دیگر بقایاجات کے لیے بھی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا،مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ کمیونٹی گرلز سکولز اساتذہ کو فوری طور پر طور پر ایک ماہ کی تنخواہ جاری کی جائے گی جبکہ دیگر بقایاجات کے لیے بھی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کے ہمراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری عبدالاکرم اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گرلز کمیونٹی سکول میں اس وقت 3600 اساتذہ کرام صوبے کے دور دراز علاقوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن کی تنخواہیں کئی ماہ سے بند ہیں جس پر مشیر خزانہ خیبر پختونخوا نے ایکشن لیتے ہوئے فوری طور پر مذکورہ اساتزہ کی ایک ماہ کی تنخواہ جاری کرنے کی ہدایات جاری کیں جبکہ دیگربقایاجات کی ادائیگی کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کا کہنا تھا کہ اس وقت کمیونٹی گرلز سکولز میں تقریباً دو لاکھ 76 ہزار طلباء رجسٹرڈ ہیں اور یہ کمیونٹی سکول صوبے کے دور دراز علاقوں میں قائم ہیں جو پسماندہ علاقوں کے بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت صوبے کے عوامی مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت صوبے کے عوامی مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے موجودہ صوبائی حکومت نے میرٹ کی بالادستی قائم کرکے کرپشن، لوٹ مار اور اقرباپروری کا خاتمہ کردیا ہے اور مستقبل کے لیے کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف ایک مکمل بند باندھا گیا ہے، انہوں نے بنوں کے مختلف علاقوں میں تقریبات میں شرکت کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا، اس موقع پر سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوار حاجی ملک محمد اللہ داوڑ بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے مثبت اقدامات اٹھارہی ہے، سرکاری اداروں میں تقرریاں سفارش پر نہیں بلکہ خالصتا میرٹ کے مطابق ہوں گی، اور صوبے میں این ٹی ایس اور جدید اصلاحات کا نظام رائج کیا ہے جس سے تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں کافی بہتری آئی ہے حکومت نے صوبے کے غریب عوام کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا ہے جس سے سابقہ فاٹا کے کثیر تعداد میں عوام مستفید ہو رہے ہیں جس کی بدولت خیبر پختونخوا ملک کے دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل صوبہ بن گیا ہے، انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کے تمام جائز مسائل بتدریج حل کئے جارہے ہیں اور حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کا یہ تسلسل جاری رہے گا اور تمام پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کے عوام بھی ایک پرسکون زندگی بسر کر سکیں گے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر خیبر پختونخوا فارسٹ سکول ایبٹ آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر خیبر پختونخوا فارسٹ سکول ایبٹ آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ ماحول کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ یہ مقدس ذمہ داری آنے والی نسلوں کو منتقل ہو سکے، اس موقع پر صوبائی وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے پودا بھی لگایا جبکہ یادگار شہداء پر حاضری دیتے ہوئے پھول بھی چڑھائے صوبائی وزیر نے کہا کہ ماحول کے دن کو منانے کا مقصد حقیقت میں ایک گہری سوچ وبچار کا سبب ہے کیونکہ یہ دن لوگوں کو قدرت سے جوڑتا ہے اور اس کی حقیقت کو جاننے کیلئے ہمیں آگاہی کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں خیبرپختونخوا حکومت بھی اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کے لئے قائد عمران خان کے ویژن کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے بلین ٹری پلس منصوبہ کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز بہت جلد وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی سربراہی میں ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینے کے لئے پرعزم ہیں،موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔