پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر و صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک و فشریز فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ قائد عمران خان کی فائنل کال پر لبیک کہتے ہیں 24 نومبر کو مالاکنڈ ڈویژن سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام نکلے گے اور ہمیشہ کیطرح اول دستہ کا کردار ادا کریں گے جب تک عمران کو جھوٹے کیسز میں رہائی نہیں ملتی تب تک گھروں کو واپس نہیں آئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ودودیہ ہال سیدو شریف میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ملاکنڈ ریجن کے زیر اہتمام قائد عمران خان کی رہائی اور مراد سعید کو تحفظ دینے کے حوالے سے ایک بڑے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا کنونشن میں صوبائی وزیر و صدر خیبرپختونخوا آئی ایس ایف سہیل آفریدی، معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی، مشیر صحت اہتشام ایڈوکیٹ، ممبران قومی اسمبلی سلیم الرحمان، سہیل سلطان ایڈوکیٹ، سٹی میئر شاہد علی خان، آئی ایس ایف ملاکنڈ ریجن صدر سیف اللہ خان سمیت بڑی تعداد میں آئی ایس ایف، انصاف یوتھ ونگ اور پی ٹی آئی کارکنان و عہدیداران نے شرکت کی، ودودیہ ہال عمران خان، سردار علی امین گنڈاپور اور فضل حکیم خان یوسفزئی زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان تحریک انصاف کا ایک قیمتی سرمایہ ہیں اور پاکستان تحریک انصاف اپنے اس قیمتی سرمایہ پر فخر کرتی ہے عوام نے ہمیں عمران خان کی رہائی، جمہوریت و آئین کی بحالی اور ترقی و خوشحالی کیلئے کامیاب بنا کر منتخب کیا ہے اور ہم اس مقصد کے حصول کیلئے چین سے نہیں بیٹھے گے انہوں نے کہا کہ مراد سعید اس ملک کے محب وطن پاکستانی ہیں جنہوں نے ہمیشہ ملک میں امن و ترقی کی بات کی ہے جب تک انہیں تحفظ اور عمران خان کو جعلی کیسز میں رہائی نہیں ملتی ہم اسمبلی میں بھی آواز اٹھائے گے اور احتجاجی مظاہرے بھی جاری رکھے گے انہوں نے کہا کہ احتجاج کی فائنل کال کے لیے خیبر پختونخوا میں تمام تر تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور خود تمام تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں 24 نومبر کو خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک بھر سے پی ٹی آئی کے عہدیداران و کارکنان، آئی ایس ایف سمیت عوام کا سمندر اسلام آباد کا رخ کریگا اور جب تک عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی کارکنان و قائدین کو رہا نہیں کیا جاتا اور دیگر مطالبات جس میں 26ویں ترمیم کا خاتمہ، جمہوریت اور آئین کی بحالی، مینڈیٹ کی واپسی شامل ہیں مانے نہیں جاتے تب تک گھروں کو واپس نہیں لوٹے گے انہوں نے کہا کہ فائنل کال جعلی وفاقی حکومت سے خاتمہ ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ جعلی وفاقی حکومت کچھ بھی کرے اس کا آخری وقت آپہنچا ہے فائنل کال کے بعد ملک میں آئین و قانون کا بول بالا ہوگا اور ملک میں حقیقی آزادی آئے گی اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ملاکنڈ ریجن کے عہدیداروں کو کامیاب کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی اور ان کے کوششوں کو سراہا انشائاللہ آنے والا دور ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کا ہے وہ دن دور نہیں کہ عمران خان جیل سے رہا ہوکر اس ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیلخانہ جات ہمایون خان نے کہا ہے کہ
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیلخانہ جات ہمایون خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر جیلوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جیلوں میں قیدیوں اور حوالاتیوں کو ہنر مند بنانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کام ہو رہا ہے۔ قیدیوں کے خوراک کے مینو کو بہتر بنا دیا گیا ہے جبکہ صوبے کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کو کمپیوٹر سمیت مختلف ٹیکنالوجیز و ہنر اور ماربل انڈسٹری کی تربیت کے ساتھ جیلوں میں بننے والی مصنوعات کی ای مارکیٹنگ کا نظام بھی وضع کیا جا رہا ہے۔ وہ صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور ارکان صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی، عبدالسلام آفریدی، ڈیڈیک چیئرمین زرشاد خان اور امیر فرزند خان کے ہمراہ سنٹرل جیل مردان کے دورے کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات عثمان محسود بھی معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات کے ہمراہ تھے۔ جیل پہنچنے پر سپرنٹینڈنٹ جیل نجم الحسن عباسی نے معاون خصوصی کااستقبال کیا۔ جیل پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ مشیر جیل خانہ جات نے جیل میں ماڈل انٹرویو روم، ماڈل پریزنرز کال سنٹر اور کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ مردان جیل میں قیدیوں کو ویڈیو لنک پر عدالتوں میں پیشی، جیل ٹو جیل ورچول ملاقاتوں سمیت علاج معالجے اور مختلف سکلز سکھانے کی سہولت موجود ہے۔ اس موقع پر مشیر جیل خانہ جات ہمایون خان نے کہا کہ صوبے بھر میں جیلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے جس سے بجلی کے بلوں کی مد میں ماہانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بننے والی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے نظام کو آن لائن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صوبے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جبکہ ان مصنوعات کی آمدنی سے قیدی ہنر مندوں کا حصہ بھی بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس کے مختلف جیلوں میں بننے والی مصنوعات بشمول ماربل کی مصنوعات، فرنیچر، سواتی شال اور دستکاریاں لوک ورثہ ایکسپو اسلام آباد میں رکھے گئے ہیں۔ ہمایون خان نے کہا کہ جیلوں میں مختلف ہنر کی تربیت مکمل کرنے والوں کو ٹیویٹا کی اسناد اور ڈپلوما دئیے جائیں گے جس سے وہ رہائی کے بعد صوبائی حکومت کے ہنر مند نوجوان اور احساس قرض حسنہ سکیم سے بھی استفادہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ڈگریوں پر سزا معافی کا سلسلہ مختلف ہنر میں ڈپلومہ حاصل کرنے والوں تک بڑھایا جائے گا اس مقصد کے لیے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ معاون خصوصی جیلخانہ جات نے اعلان کیا کہ مردان جیل کے ماربل یونٹ کو باقاعدہ انڈسٹری کا درجہ دیا جائے گا۔ انہوں نے جیل ہسپتال، ویڈیو لنک فیسلٹی، ملاقات کے ڈیجیٹل نظام (کیو سسٹم) ڈٹرجنٹ یونٹ، لنگر خانے اور الیکٹریکل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا اور اس حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ جعلی حکومت
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کی گنتی کا وقت شروع ہوچکا ہے وفاقی حکومت سے جلد پاکستانی عوام کو نجات دلائیں گے 24 نومبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں بھرپور انداز میں احتجاج ریکارڈ کریں گے اور قائد عمران خان کو رہا کرواکر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں آڈیٹوریم ہال میں آئی ایس ایف بنوں کی جانب سے منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی صدر ارسلان چوہدری,صوبائی صدر اشفاق مروت,ملک سکندر حیات خان,ملک عدنان خان,ملک اقبال جدون,پیر کمال شاہ,ملک شکیل خان,ندیم خان,نذیر زمان و دیگر نے خطاب کیا اور آئی ایس ایف کے 17 سال مکمل ہونے پر کاٹا گیا صوبائی وزیر نے کہاکہ گرفتار ہونے والے کارکنوں کو رہا کرائیں گے ان کی رہائی کی سفارش صوبائی اسمبلی کے فلور بھی ہوئی ہے اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے فارم 47 کی حکومت کسی بھی صورت تسلیم نہیں کریں گے اور اس کے خلاف اواز اٹھاتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ بنوں کے نوجوانوں کو باعزت روزگار دلا کر دم لیں گے اس لئے کہ کارکن ہی ہمارا اصل سرمایہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا دفتر عوام کا دفتر ہے کسی بھی وقت کوئی بھی آسکتا ہے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی قیادت مرکزی حکومت کی اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں بلکہ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا جانتی ہے شہباز حکومت ہمیں انتقامی سیاست پر مجبور کررہی ہے لیکن قائد عمران خان نے قیادت کو ایسی تربیت نہیں دی ہے انہوں نے ہمیشہ افہام و تفہیم کی سیاست پر زور دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عمران خان کو باعزت رہا کرانا ہے اور پاکستانی عوام کو اس کرپٹ اور نااہل حکومت سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا ہنر رکھتے ہیں مگر ضمیر اجازت نہیں دے رہا عوام کو خوشحالی باعزت روزگار اور امن کی طرف لے کر جائیں گے حکومت اپنی عزت کھو چکی ہے اس کے پاس حکومت چلانے کا پلان نہیں وفاقی حکومت آئیں بائیں شائیں پر مجبور ہے اور عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔
شانگلہ کے ریوینیو عملے کی آر ٹی ایس میں پیشی، تین ہفتوں میں شہری کے تمام انتقالات کے اندراج کے احکامات جاری
رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں سات شہریوں کی شکایات کی شنوائی ہوئی۔دونوں کمشنرز محمد عاصم امام اور ذاکر حسین آفریدی نے شہریوں کی شکایات سنیں۔ شانگلہ سے تعلق رکھنے والے شہری ظاہر رحمان نے زمین کے کمپیوٹرائزڈ فرد کے حصول کے لیے کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر، کمپیوٹر آپریٹر،گردآور اور پٹواری تمام ریکارڈ سمیت کمیشن کے سامنے حاضر ہوئے۔ انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ ریوینیو ریکارڈ میں فرق تھا، تمام ریکارڈ درست کر لیا گیا ہے۔ 429 کنال کھاتے میں 39 افراد شریک ہیں، تمام حصہ داروں کو قانون کے مطابق حق دینے کے لیے کمیشن سٹاف کو وقت دے۔ کمیشن نے تین ہفتوں کے اندر تمام ریکارڈ کا درست اندراج کرنے کے احکامات دئیے۔ سلمان زیب نے مردان سے اسلحہ لائسنس کے اجراء جبکہ ابراہیم نے مانسہرہ سے مائیگریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے کمیشن کو درخواست دی تھی۔ دونوں شہریوں نے کمیشن کو بتایا کہ کمیشن کی مداخلت پر انکا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ ایک شہری نے کمیشن کو ہری پور سے مائیگریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے درخواست دی تھی جبکہ اسکا مسئلہ ٹرانسفر آرڈر رکوانے کا تھا، کمیشن نے غلط شکایت کرنے پر شہری کو تنبیہ دی۔ ایبٹ آباد سے ڈاکٹر سائمہ نے اپنے بیٹے کے اغواء کی ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کمیشن کو درخواست دی ہے۔ کمیشن نے فیصلہ سنایا کہ مذکورہ کیس سیول کورٹ میں 22A کے تحت زیر التواء ہے۔ عدالت کا فیصلہ آنے تک شہری انتظار کرے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے بلاول نامی شہری نے نالوں کے صفائی کے لیے کمیشن سے رجوع کیا۔ شہری نے کمیشن کو بتایا کہ کنسٹرکشن کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے ہیں، سرکاری خطوط موجود ہیں۔ کمیشن نے تمام سرکاری خطوط کمیشن کو بھجوانے کی ہدایات دیں۔ کمیشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے آر ٹی ایس کمیشن بنا ہے۔ کمیشن بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ صوبے کے رہائشیوں سے درخواست ہے کہ وہ نوٹیفایڈ خدمات کی بروقت فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں کمیشن سے رجوع کریں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی اور آبادکاری، ملک نیک محمد خان داوڑ کی زیر صدارت
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی اور آبادکاری، ملک نیک محمد خان داوڑ کی زیر صدارت ضلع شمالی وزیرستان کے تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی خدمت اور بہتر انتظامی کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک نیک محمد خان داوڑ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے اور اس ضمن میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فیصلے اور کام میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور تمام شہریوں کو یکساں حقوق فراہم کیے جائیں۔اجلاس میں معاون خصوصی کو ضلع کے سطح پر مختلف لائن ڈیپارٹمنٹ کے کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی اور محکموں کی کارکردگی اور درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ملک نیک محمد خان داوڑ نے کرپشن کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام محکمے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کام کریں اور اس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر ریلیف نے اس موقع پر محکموں کے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پوری ایمانداری کے ساتھ خدمات انجام دیں۔
انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے پاکستان تحریک انصاف کو تقویت بخشتے ہوئے عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنایا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف
ملک کے نوجوان عمران خان کا اصل سرمایہ ہیں۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے پی ٹی آئی کو بڑی تقویت بخشی ہے اور عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنایا ہے۔مشیر اطلاعات نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے 17 ویں یوم تاسیس پراپنے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کر تے ہو ئے کہا ہے کہ ملک کے نوجوان عمران خان کا اصل سرمایہ ہیں، آئی ایس ایف اور اوورسیز پاکستانی عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں۔آئی ایس ایف نے ملک میں نوجوان لیڈر شپ کو فروغ دیا ہے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ہر دور میں ہر جابر اور ظالم حکمران کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں ملک میں جاری فسطائیت کے خلاف بھی آئی ایس ایف ڈٹ کر کھڑی ہے۔جعلی فارم 47 حکومت کے خاتمے کا سہرا بھی آئی ایس ایف کے سر سجے گا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان کی 24 نومبر کی فائنل کال میں آئی ایس ایف پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے آئی ایس ایف کے ممبرز سمیت تمام طلباء وطالبات سے 24 نومبر کی فائنل کال میں بھرپور شرکت کی اپیل کر تے ہوئے آئی ایس ایف سے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھائے گی۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ جمہوریت وآئین کی بحالی، چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لئے فائنل کال فیصلہ کن معرکہ میں داخل ہو چکی ہے اور 24 نومبر کو پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کا رخ کرکے جعلی حکومت کے گرد گھیرا تنگ کریں گے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی، ڈائریکٹر کالجز، کامرس اور جنرل، اور ضلع پشاور کے گورنمنٹ کالجز کے پرنسپلز
ہائیر ایجوکیشن اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ ٹریننگ (ہرٹ) کے ریسرچ جرنلز کی ایچ ای سی سے منظوری پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی، ڈائریکٹر کالجز، کامرس اور جنرل، اور ضلع پشاور کے گورنمنٹ کالجز کے پرنسپلز شریک ہوئے۔تقریب میں تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور تعلیمی معیارات کی بہتری میں ہرٹ کی کوششوں کو سراہا گیا۔تقریب میں بتایا گیا کہ ہرٹ ادارے کے دو تحقیقی جرنلز کو ایچ ای سی نے منظور کرتے ہوئے ”Y” کیٹیگری میں شامل کیا ہے۔تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، مینا خان آفریدی نے ہرٹ ادارے کی تحقیقی کوششوں کی تعریف کی اور ادارے کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ مینا خان آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایچ ای سی کی جانب سے ان جرنلز کی منظوری ہرٹ کے تعلیمی معیار اور کارکردگی کو ثابت کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہرٹ ادارے نے محدود مالی و افرادی وسائل کے باوجود یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ صوبائی حکومت تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کی کوششوں میں ہرٹ کی بھر پور مدد کریگی۔
خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات اور دیہی ترقی ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ
خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات اور دیہی ترقی ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ ضم اضلاح کی تعمیر و ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع اورکزئی،مہمند اور باجوڑ کے وی سی، چیئرمینوں کے اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ جنید خان بھی موجود تھے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے کہا کہ بلا تفریق تمام ضم اضلاع کو فنڈ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ تمام ضم اضلاع کی ترقی کے لیے ورلڈ بینک سے ترقیاتی فنڈ جلد فراہم کیے جا رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ تمام ضم اضلاع کو پانچ لاکھ روپے سپورٹس فنڈ کی مد میں بھی فراہم کیے جائیں گے انہوں نے ڈی جی لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ تمام ضم اضلاع کے وی سی چیئرمینوں اور کونسلر ز کے لئے باری باری باقاعدہ ٹریننگ سیشن کروایا جائے تاکہ طریقہ کار سے متعلق آگاہی بڑھے۔انہوں نے ڈی جی کو مزید شفافیت کے لئے ڈیسک قائم کرنے، ٹول فری نمبر لگانے، دفتر میں نمبر لکھ کر آویزاں کرنے اور تمام وی سی کونسلوں کو بھی اس کا فارمیٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے مدد مل سکے انہوں نے یقین دلایا کہ وی سی چیئر مینوں کے دفاتر کی بہتری اور دیگر مسائل کے لیے بھی فنڈ فرام کیے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خلیق الرحمان کی زیر صدارت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کا ماہانہ جائزہ اجلاس
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خلیق الرحمان کی زیر صدارت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس جائزہ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز فیاض علی شاہ اور ڈی جی ایکسائز عبدالعلیم موجود تھے۔ اجلاس میں محکمے کی مجموعی کارکردگی اور ٹیکس ریونیو اکھٹا کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ ڈیپارٹمنٹ کے مقرر کردہ اہداف کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ۔ وزیر ایکسائز نے مقررہ اہداف کے حصول پر اطمینان کا اظہار کیااور متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ مقررہ ہدف سے بڑھ کر ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنا ہے۔ وزیر ایکسائز نے کہا کہ ریونیو کا دائرہ کار بڑھانے اوراہداف کی تکمیل کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانا ہے اورہم آہنگی کے ذریعے آگے بڑھنا ہے۔ یونیورسل نمبر پلیٹ کے حوالے سے عوام کو آگاھی دینی ہے تاکہ عوام اس سہولت سے مستفید ہوں۔ وزیر ایکسائز نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ صوبے کے عوام صوبے میں ہی اپنی گاڑیوں کو رجسٹرڈ کرائیں۔ اجلاس میں محکمے کو درپیش دیگر مسائل پر بھی غور کیا گیا اور صوبائی وزیر نے ان کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ اور ایبٹ آباد کی طرز پر دیگر اضلاع کا بھی جی آئی ایس سروے کیا جائے تاکہ صحیح ٹیکس ریونیو کا اندازہ ہو۔انہوں نے یونیورسٹیوں کالجز اور سکول سطح پر نشے کی لعنت سے بچنے کے لئے آگاھی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں سیمنارز اور واک کا اہتمام کیا جائے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس
سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا، جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا، انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پی ایم آر یو کی جانب سے مختلف پیمانوں کے تحت محکموں کی گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گورننس کو بہتر بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو موثر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے تحت مختلف امور، سرکاری محکموں میں فائل ٹریکنگ سسٹم کے استعمال اور سیٹیزن پورٹل اور کھلی کچہریوں میں اجاگر کی گئی عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے عوامی مسائل کے بروقت حل پر توجہ مرکوز کرنے، ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے محکمانہ امور میں بہتری لانے، خصوصاً فائل ٹریکنگ سسٹم کے مؤثر استعمال اور اس کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپرلیس گورننس دورِ حاضر کی اہم ضرورت ہے اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے کم وقت میں سرکاری امور کی انجام دہی سے محکموں کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور تمام محکمے اس حوالے سے اقدامات جاری رکھیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکموں کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے آن لائن کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی جاری ہے جس کے تحت عوامی مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ تمام سیکرٹریز اپنے محکموں میں رولز آف بزنس کے تحت ذمہ داریوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
