وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمدسہیل آفریدی کے ترقیاتی وژن اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقی اسلام زیب کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبر پختونخوا کی جانب سے “ای-کھلی کچہری” کا انعقاد کیا گیا۔

ای کھلی کچہری کی صدارت سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبر پختونخوا عدیل شاہ نے کی۔ اس موقع پر محکمے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ای-کھلی کچہری میں ایک گھنٹے کے دوران 800 سے زائد افراد نے اپنے پیغامات، تجاویز اور شکایات پیش کیں۔ موصول ہونے والی تمام شکایات کے ازالے کے لیے فوری طور پر متعلقہ افسران اور محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔شرکاء نے شکایات کے فوری ازالے اور بروقت کارروائی پر محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کی اس کاوش کو سراہا۔ کچہری میں عوام نے فون کالز اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھرپور شرکت کی۔ سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں عوام کی فلاح و بہبود کے حکومت خیبرپختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ای-کھلی کچہری کے دوران پراجیکٹ ملازمین نے “پراجیکٹ امپلیمنٹیشن پالیسی” کا مسئلہ اٹھایا جس کے جواب میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی کا کہنا تھا کہ محکمہ اس پالیسی پر کام کر رہا ہے اور اسے جلد از جلد صوبائی کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک جائز مطالبہ ہے اور ہم پراجیکٹ ملازمین کی تنخواہوں کے معاملے کو بھی جلد حل کریں گے۔دیر ایکسپریس وے کے حوالے سے سوال پر بتایا کہ پی اینڈ ڈی کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ نے اس پر اپنا کام مکمل کر لیا ہے اور اسے جلد متعلقہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ حکومت خیبر پختونخوا کا ترجیحی منصوبہ ہے اور اس پر بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اسی طرح سوات ایکسپریس وے کے فیز-2 پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے اور اس پر جلد کام کا آغاز ہو جائیگا۔سیکرٹری نے کہا کہ دیر، سوات اور پشاور تا ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر کئی اہم منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ یہ منصوبے نہ صرف صوبے کی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ عوام کی زندگیوں پر ان منصوبوں کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ شرکاء نے پراسیکیوشن اکیڈمی کی سہولیات کی کمی، تخت بھائی بس اسٹینڈ، ایبٹ آباد انٹرچینج کو شہر سے ملانے، دارالامان بنوں اور چترال، بی آر ٹی مالز کی فعالی، ٹانک میں میونسپل سہولیات کے لیے ماسٹر پلان، چارسدہ روڈ اور ورسک روڈ پر لائٹنگ، پاڑاچنار روڈ اور تیمرگرہ تا کنڈرو روڈ وغیرہ کے مسائل بھی اجاگر کئے جس پر سیکرٹری پی اینڈ ڈی نے تمام شکایات کو غور سے سنا اور متعلقہ افسران اور محکموں کو ان کے فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی نے ای کھلی کچہری میں عوامی شرکت کو سراہا اور کہا کہ ان تجاویز پر غور کرکے پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔ حکومت خیبرپختونخوا عوامی شمولیت کے ذریعے صوبے میں گورننس کی بہتری کے وژن پر عمل پیرا ہے۔

مزید پڑھیں