محکمہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری سید حبیب الحسن گیلانی نے کہا ہے کہ درخت لگانا انفرادی و قومی ذمہ داریوں کا ایک کلیدی جزو ہے، جو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کو کم کرنے، ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع صوابی اور مردان کے محکمہ جنگلات و ماحولیات کے ڈویژنل و ضلعی دفاتر کے دورے کے دوران کیا۔ جہاں انہوں نے متعلقہ افسران سے محکمانہ امور، شجرکاری مہم اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق اقدامات کے بارے میں بریفنگ لی۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو شجرکاری کے اہداف کے حصول، لگائے گئے پودوں کی مؤثر نگہداشت اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈویژنل فارسٹ آفیسر سلیمان خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی یامین ثناء اور محکمہ جنگلات و ماحولیات کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل سیکرٹری سید حبیب الحسن گیلانی نے مون سون شجرکاری مہم کے تحت ضلع صوابی اور مردان میں پودے لگائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شجرکاری محض پودے لگانے کی ایک سرگرمی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ، صحت مند اور پائیدار مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کے تناظر میں جنگلات کے رقبے میں اضافہ، موجودہ جنگلات کا تحفظ اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری حبیب الحسن گیلانی نے کہا کہ سرسبز خیبر پختونخوا کا وژن صوبائی حکومت کی ماحولیاتی ترجیحات کا اہم حصہ ہے، جس کی عملی تعبیر کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں خصوصاً نوجوانوں کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور نہ صرف زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں بلکہ ان کی حفاظت اور نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں، کیونکہ ایک پودا لگانا پہلا قدم ہے جبکہ اسے تناور درخت بنانا بھیہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
