مردان پریس کلب میں جشنِ آزادی سپورٹس گالا کا آغاز، ریجنل انفارمیشن آفیسر نثار محمد نے افتتاح کیا

مردان پریس کلب کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی سپورٹس گالا 2026 کا باقاعدہ افتتاح ریجنل انفارمیشن آفیسر مردان نثار محمد نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں صدر مردان پریس کلب لطف اللہ لطف، سینئر صحافیوں، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
جشنِ آزادی سپورٹس گالا کے دوران کرکٹ، بیڈمنٹن، سنوکر، رسہ کشی، کیرم بورڈ سمیت مختلف کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں صحافی برادری بھرپور جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہے۔اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ریجنل انفارمیشن آفیسر نثار محمد نے کہا کہ صحافی معاشرے کی تعمیر و ترقی، عوامی شعور کی بیداری اور قومی مفادات کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیلوں کی صحت مند سرگرمیاں نہ صرف جسمانی و ذہنی تندرستی کا ذریعہ ہیں بلکہ صحافی برادری میں باہمی ہم آہنگی، اتحاد اور ٹیم ورک کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ایسے سپورٹس گالا کا انعقاد قومی جذبے، اتحاد اور حب الوطنی کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر و منزلت کا تقاضا ہے کہ ہم قومی یکجہتی، بھائی چارے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں اور نئی نسل میں وطن سے محبت کا جذبہ مزید مضبوط کریں۔
ریجنل انفارمیشن آفیسر نے مردان پریس کلب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مثبت اور تعمیری سرگرمیاں مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔تقریب کے اختتام پر ریجنل انفارمیشن آفیسر نے سپورٹس گالا میں شریک کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کامیاب انعقاد پر مردان پریس کلب کے عہدیداران اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔

مزید پڑھیں