
خیبر پختونخوا اسمبلی میں مائنورٹی کاکس کا پہلا تعارفی اجلاس چیئرپرسن مائنورٹی کاکس، رکن صوبائی اسمبلی عسکر پرویز کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں کاکس کے قیام، قواعد و ضوابط، اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں مائنورٹی کاکس کے قواعد و ضوابط کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں آباد اقلیتی برادری کو درپیش اہم مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ ان مسائل میں اقلیتوں کے پرسنل لاز، فیملی لاز، 2 فیصد تعلیمی کوٹے اور 5 فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد، ترقیاتی مسائل، تاریخی و قدیم مذہبی و تعلیمی مقامات اور اداروں کا تحفظ،سینیٹیشن، صحت اور تعلیم سے متعلق مسائل شامل ہیں۔چیئرپرسن مائنورٹی کاکس عسکر پرویز نے کہا کہ مائنورٹی کاکس کا قیام خیبر پختونخوا میں آباد اقلیتی برادری کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ کاکس اقلیتوں کو درپیش مسائل کی مؤثر نشاندہی اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات پر توجہ دے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں، ذیلی اداروں اور ماہرین کے ساتھ مشاورت کے ذریعے مسائل اور ان کے ممکنہ حل کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ سفارشات حکومت کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ مائنورٹی کاکس دیگر متعلقہ اداروں اور تنظیموں سے بھی رابطہ کرے گا تاکہ اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر معاونت حاصل کی جا سکے۔عسکر پرویز نے مائنورٹی کاکس کے قیام اور پہلے اجلاس کے انعقاد پر اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، ڈپٹی اسپیکر، ارکانِ اسمبلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے متعلقہ عملے کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مائنورٹی کاکس خیبر پختونخوا میں آباد اقلیتی برادری کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی اور بہتری لانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔
