ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محترمہ ثریا بی بی کی زیرِ صدارت صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت ضلع اپر چترال کے لیے ترقیاتی منصوبوں میں حصہ مختص کرنے اور مختلف شعبوں سے متعلق جاری و مجوزہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور فشریز ڈیپارٹمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لائیوسٹاک، ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک، ڈپٹی کمشنر اپر چترال، ڈائریکٹر فشریز، ریجنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز چترال سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کسان دوست کارڈ کے اجراء کے لیے کسانوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل جاری ہے، جس کی تکمیل کے بعد منصوبے پر عملی کام شروع کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد کسانوں کو سہولیات اور حکومتی معاونت کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
اجلاس میں احساس بے زبان، صحت گاڑی سکیم کے تحت اپر چترال کے لیے فوری طور پر گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اپر چترال میں لائیوسٹاک کے شعبے میں سٹاف کی کمی کو جلد از جلد پورا کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اسی طرح اپر چترال میں سیمی انوائرمنٹلی کنٹرولڈ پولٹری فارمنگ کو ویٹرنری طلبہ تک توسیع دینے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کو جدید پولٹری فارمنگ کے عملی تجربات اور تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بائیو گیس منصوبے پر بھی کام جاری ہے، جس کے تحت اپر چترال میں مجموعی طور پر 9 بائیو گیس پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔مزید برآں، اپر چترال میں سانین بکری کی جینیاتی بہتری کے لیے جدید تولیدی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد مقامی سطح پر بکریوں کی افزائش اور دودھ کی پیداوار میں بہتری لانا ہے۔
فشریز کے شعبے میں اپر چترال میں ٹراؤٹ فش فارمنگ کے فروغ کے لیے کنزرویٹیو ہٹس کی تعمیر اور ضروری عملے کی بھرتی پر کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اپر چترال میں ٹراؤٹ فارمنگ کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لا کر مقامی لوگوں کے لیے روزگار اور آمدن کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ اپر چترال کے لیے منظور شدہ اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بلا تاخیر عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
