اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت منرل ڈویلپمنٹ کمپنی کے قیام سے متعلق اہم اجلاس

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت خیبر پختونخوا منرل ڈویلپمنٹ کمپنی کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں معاملے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں وزیرِ قانون، پارلیمانی امور آفتاب عالم، وزیرِ معدنیات و معدنی ترقی عارف احمدزئی، سیکرٹری منرلز اینڈ منرل ڈویلپمنٹ ڈاکٹر اسرار، ڈائریکٹر جنرل اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ متعلقہ کمپنی کے اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل عتمانزئی اور سابق ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شمائل بٹ بھی موجود تھے۔اجلاس میں اراکینِ صوبائی اسمبلی عدنان خان، ثوبیہ شاہد، شیلہ بانو اور فائزہ ملک نے شرکت کی، جبکہ اراکینِ اسمبلی احمد کنڈی، ارباب عثمان اور نثار باز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کا مقصد خیبر پختونخوا منرل ڈویلپمنٹ کمپنی سے متعلق مجوزہ فیصلے کا پارلیمانی سطح پر تفصیلی جائزہ لینا اور اس کے صوبے کے مفاد پر ممکنہ اثرات کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر محکمہ معدنیات اور متعلقہ حکام کی جانب سے معاملے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ صوبے کے معدنی وسائل سے متعلق کسی بھی اہم فیصلے کو تمام متعلقہ پہلوؤں، قانونی تقاضوں، صوبائی مفاد اور اراکینِ پارلیمان کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جائے۔اجلاس میں طویل بحث و تمحیص کے بعد اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ معاملے کو پارلیمانی فورم پر اراکین کی متفقہ رائے اور مکمل اطمینان کے بعد حتمی منظوری کے مرحلے تک لے جایا جائے۔ اجلاس کے دوران بعض اراکین کی جانب سے تحفظات بھی سامنے آئے، جنہیں مزید غور کے لیے اہمیت دی گئی۔اسپیکر بابر سلیم سواتی نے فیصلہ کیا کہ معاملے کے تمام پہلوؤں پر مزید تفصیلی غور کے لیے اگلے ہفتے دوبارہ اجلاس منعقد کیا جائے گا، تاکہ اراکین کے تمام تحفظات اور آراء کا جائزہ لینے کے بعد پارلیمانی فورم کی سطح پر مکمل اطمینان کے ساتھ حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔اسپیکر نے واضح کیا کہ صوبے کے معدنی وسائل سے متعلق ہر فیصلہ وسیع تر عوامی و صوبائی مفاد، شفافیت اور پارلیمانی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں