سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے گلگت بلتستان اسمبلی کے وفد کی ملاقات

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے گلگت بلتستان اسمبلی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں اہم ملاقات کی، جس میں بین الصوبائی ہم آہنگی، قانون سازی کے تجربات، اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے پروجیکٹ “BEST For WEER” کے تحت منعقدہ اس ایکسپوژر وزٹ کی قیادت ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ملک کفایت الرحمن نے کی۔ وفد میں گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین سید سہیل عباس شاہ، رانا فاروق، امام مالک، کلثوم جہانگیر، ساجدہ بیگم اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی جینڈر ایکولٹی ہیڈ سوسن عزیز شامل تھیں۔ملاقات کے دوران سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے گلگت بلتستان اسمبلی کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور بھائی چارے کے روابط قائم ہیں۔ انہوں نے پارلیمانی نظام کی مضبوطی اور قانون سازی کے عمل کو مزید شفاف اور عوام دوست بنانے میں ایسی بین الصوبائی ملاقاتوں کے کردار کو سراہا۔سپیکر بابر سلیم سواتی کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری اسمبلی سید وقار شاہ نے جی بی وفد کو خیبر پختونخوا اسمبلی کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا اور اسمبلی کی کارروائی کے طریقہ کار اور جدید قانون سازی پر روشنی ڈالی۔دورے کے دوران جی بی وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی، ومین پارلیمانی کاکس کی اراکین اور دیگر صوبائی اراکین اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کیں، جہاں خواتین کی بااختیاری اور پارلیمانی نظام کے بہتری پر گفتگو کی گئی۔گلگت بلتستان اسمبلی کے وفد نے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی جانب سے کی جانے والی گرمجوش مہمان نوازی اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں