ضلع بونیر میں محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام تین روزہ ثقافتی میلہ “بونیر گل د نمیر 2026” کا شاندار اور رنگا رنگ آغاز رات ڈگری کالج ڈگر میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے ہوگیا۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر، ڈپٹی کمشنر بونیر شہریار قمر، سابق تحصیل ناظمین سید سالار جہان، حاجی شریف خان سمیت بونیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوام، نوجوانوں، کھلاڑیوں اور زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں ثقافتی، تفریحی اور فنی پروگراموں کا شاندار سلسلہ پیش کیا گیا۔ مقامی فنکاروں نے اپنی دلکش پرفارمنس کے ذریعے بونیر کی ثقافتی روایات اور لوک فن کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ جادوئی کرتب، مارشل آرٹس کے حیرت انگیز مظاہرے، فائر شو اور دیگر دلچسپ سرگرمیوں نے حاضرین سے خوب داد وصول کی، جبکہ رنگا رنگ آتش بازی نے افتتاحی تقریب کو یادگار بنا دیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے کہا کہ “بونیر گل د نمیر” بونیر کی ثقافت، روایات اور عوامی تہذیب کی خوبصورت عکاسی کرنے والا میلہ ہے، جو عوام خصوصاً نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی ٹیلنٹ کو قومی سطح پر متعارف کرانے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بونیر کی سرزمین نے ماضی میں بھی متعدد باصلاحیت کھلاڑی قومی سطح پر متعارف کرائے ہیں اور ایسے ایونٹس نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر بونیر شہریار قمر نے کہا کہ اس نوعیت کے ثقافتی اور کھیلوں کے پروگرام نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور انہیں صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس میلے کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔سابق تحصیل ناظم سید سالار جہان نے کہا کہ بونیر کے عوام کو معیاری تفریح اور ثقافتی سرگرمیوں کی فراہمی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے لیے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا
