15 سال سے غیر فعال ٹیکنیکل کالج کوزا بانڈہ کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کرنے کے احکامات جاری

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن محمد عثمان خان بیٹنی نے مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا برائے کھیل و سیاحت تاج محمد خان کے ہمراہ ٹیکنیکل کالج کوزا بانڈہ کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر KP-TEVTA میاں عبدالقادر اور پرنسپل ٹیکنیکل کالج بھی موجود تھے۔
دریں اثناء بٹگرام میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ بٹگرام کی اپ گریڈیشن اور افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی، جو اس سے قبل گورنمنٹ سکل ڈویلپمنٹ سینٹر بٹگرام کے نام سے قائم تھا۔ معاون خصوصی محمد عثمان خان بیٹنی نے ادارے کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔دورے کے دوران معاون خصوصی نے کالج کی طویل عرصے سے غیر فعال صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر کالج کو فعال کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر کو فوری طور پر ضروری سٹاف کی تعیناتی کی ہدایت کی، جس پر اسی روز سٹاف تعینات کر دیا گیا۔
معاون خصوصی نے کالج میں کمپیوٹر لیب، آئی ٹی لیب، مختلف ٹریڈز کے ضروری آلات اور فرنیچر کی فراہمی بھی ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے، تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو فنی تعلیم اور عملی تربیت کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی عثمان خان بیٹنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے احکامات کے مطابق صوبے کے ہر ضلع کا تفصیلی دورہ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹیکنیکل اداروں کو درپیش مسائل کا موقع پر جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے گا۔ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ انشاءاللہ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کو ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا جہاں نوجوانوں کو جدید ہنر، معیاری تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں گے۔مقامی عوام اور طلبہ نے ٹیکنیکل کالج کوزا بانڈہ کو دوبارہ فعال کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کالج کی بحالی سے علاقے کے نوجوانوں کو اپنے علاقے میں فنی تعلیم حاصل کرنے اور ہنر سیکھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے

مزید پڑھیں