معاون خصوصی ٹرانسپورٹ سمیع اللہ خان کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کا اجلاس، غیر قانونی اڈوں کے خلاف کارروائی اور محصولات میں بہتری کی ہدایات

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سمیع اللہ خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز ان کے دفتر پشاور میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے امور کا جائزہ لینے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نوید اکبر کے علاوہ صوبہ بھر کی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں محصولات میں بہتری، کیٹیگری سی اڈوں اور اسٹینڈز کے محاصل میں ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے قانونی حقوق و معاملات اور ٹرانسپورٹ نظام کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اس طرح واجبات کی وصولی، بغیر لائسنس غیر قانونی اڈوں اور اسٹینڈز کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز نے گزشتہ سال محصولات کے حصول میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مقررہ ہدف کے مقابلے میں سرکاری خزانے کے لئے زیادہ محاصل جمع کیے گئے۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ٹی ایم ایز کی جانب سے کیٹیگری سی اڈوں کی نیلامی کے عمل میں مقامی سطح پر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کی نمائندگی یقینی بنانے اور ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے قانونی حقوق کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔معاون خصوصی نے بغیر لائسنس کام کرنے والی اور قانونی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی گڈز فارورڈنگ ایجنسیوں، غیر قانونی اڈوں اور اسٹینڈز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایسے اڈوں اور ایجنسیوں کو سیل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید منظم، شفاف اور عوام دوست بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اپنی قانونی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور عوام کو محفوظ، بہتر اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائیں۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں قانون کی بالادستی، شفافیت اور نظم و ضبط کے قیام کے لیے قواعد و ضوابط کے تحت ہر کسی کو اپنی ذمہ داریاں اور فرائض ادا کرنے چاہیے۔انھوں نے کہا کہ ریونیو میں بہتری کے ساتھ ساتھ عوامی مفاد، سہولیات کی فراہمی اور بہتر گورننس کو اولین ترجیح دی جائے۔

مزید پڑھیں