خیبرپختونخوا کمیشن ان دے سٹیٹس آف وویمن نے اقوامِ متحدہ پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی) کے وفد کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں صوبے کے مختلف سرکاری محکموں میں تعینات جینڈر فوکل پرسنز کی تربیت و دیگر امور بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔کمیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں خاص طور پر اس بات پر غور کیا گیا کہ جینڈر فوکل پرسنز کو صنفی اشاریوں اور اعداد و شمار کی صنفی درجہ بندی کے حوالے سے کس طرح تربیت دی جائے۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیرا شمس نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے سرکاری افسران کو صنفی بنیادوں پر مرتب شدہ اعداد و شمار کی تقسیم کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا، تاکہ محکموں میں ایسے اعداد و شمار جمع کرنے اور رپورٹ کرنے کا نظام مزید مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ کمیشن خیبرپختونخوا کے لیے سالانہ صنفی مساوات رپورٹ (جینڈر پیریٹی رپورٹ) کی تیاری اور اجرا کا عمل بھی خود آگے بڑھائے گا، جس میں صوبے میں خواتین اور صنفی مساوات سے متعلق اقدامات کا ٹھوس شواہد کی بنیاد پر جائزہ پیش کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ رپورٹ اور اقدام صوبے میں شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی رپورٹنگ کو بھی بہتر بنائے گا، جو خواتین کے حقوق اور صنفی مساوات سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں اور فریم ورکس کے تحت پاکستان کی ذمہ داریوں کے عین مطابق ہے۔یو این ایف پی اے کے وفد نے کمیشن کی جانب سے صنفی حساسیت پر مبنی اقدامات اور اعداد و شمار پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دینے کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا، اور دونوں فریقین نے استعداد کاری بڑھانے کے پروگرام اور صنفی مساوات رپورٹ پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
