چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت گورننس امور پر ہفتہ وار ویڈیو لنک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے حوالے سے انتظامات اور صفائی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عیدالاضحیٰ کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ صفائی کے انتظامات کی بنیاد پر اضلاع کی درجہ بندی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دنوں میں اضلاع کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے اضلاع کی کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی کی جائے گی۔ صوبائی حکومت اس حوالے سے ضروری ہدایات پہلے ہی جاری کرچکی ہے۔اجلاس میں ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبہ بھر میں 104 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔ اسی طرح محکمہ ایریگیشن کی جانب سے پانی کے بہاؤ کے راستوں سے تجاوزات اور رکاوٹیں ہٹانے کے ساتھ ساتھ صفائی کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں خصوصی مہم کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں طبی عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے تقریباً 2500 طبی اہلکاروں کی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کا عمل آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ شکایات کے ازالے کے لیے سات دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد تقرری کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔ بھرتی کیے جانے والے عملے میں میڈیکل آفیسرز، نرسز اور ڈینٹل سرجن شامل ہوں گے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا اور طبی عملے کی کمی کو جلد پورا کرنا ہے۔اجلاس میں محکمہ صحت کے تحت دو مراحل میں 72 ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ کمزور کارکردگی کے حامل ہسپتالوں میں خدمات کی بہتری کے لیے یہ اقدام اٹھایا جارہا ہے۔چیف سیکرٹری کو جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے جاری آگاہی مہم اور حفاظتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں اور ڈیش بورڈ کے ذریعے ان تمام امور کی مؤثر مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔حکام کے مطابق یکم سے 25 مئی تک صوبہ بھر میں 293 چھاپے مارے گئے جن کے دوران 8 ہزار مکعب فٹ غیر قانونی لکڑی اور 76 ہزار 500 کلوگرام ایندھن کی لکڑی ضبط کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر اس حوالے سے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
