صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات شکیل خان کی زیر صدارت محکمہ کا اعلی سطح اجلاس

خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات شکیل خان کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا ایک اعلیٰ سطحی تاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نور الامین،رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب سمیت تمام چیف انجینئرز اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ تکنیکی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نور الامین نے صوبائی وزیر کو محکمہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں، ترقیاتی پورٹ فولیو اور دیگر اہم انتظامی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر شکیل خان نے محکمانہ کارکردگی اور عوامی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تمام سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبوں میں تعمیراتی میٹریل کی ٹیسٹنگ لازمی قرار دی جائے تاکہ معیار، پائیداری اور مقررہ تکنیکی معیارات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے تمام فیلڈ افسران بالخصوص سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویژنل افسران کو منصوبوں کی سائٹس کا باقاعدگی سے دورہ کرنے کی ہدایت کی، جبکہ چیف انجینئرز کو ماتحت عملے کی فیلڈ وزٹس کی مؤثر نگرانی اور تصدیق یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی،صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ روڈ ایسیٹ مینجمنٹ سسٹم (RAMS) کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کیا جائے اور اس حوالے سے جامع پالیسی تیار کرکے جلد از جلد صوبائی حکومت کی منظوری کے لیے پیش کی جائے۔انہوں نے محکمہ کے مختلف کیڈرز میں زیر التواء ترقیوں کے تمام کیسز فوری طور پر نمٹانے اور ملازمین کی بروقت پیشہ ورانہ ترقی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔شکیل خان نے اس موقع پر شفافیت، جوابدہی، معیاری تعمیرات اور مؤثر منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹیم ورک کے جذبے کے تحت صوبے میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں

مزید پڑھیں