وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک، فشریز و کواپریٹو سوسائٹیز خورشید خان خٹک نے متھرا شیر آباد میں فشریز ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک، فشریز و کواپریٹو سوسائٹیز خورشید خان خٹک نے متھرا شیر آباد میں فشریز ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فشریز زبیر علی خان نے صوبہ بھر میں محکمہ فشریز کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں محکمہ فشریز کی ہیچریز، آمدنی، لائسنسوں کے اجرا، دستیاب وسائل، ٹراوٹ فش ڈیموں اور ان سے حاصل ہونے والی آمدنی سمیت سیلاب سے متاثرہ ہیچریز کی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ڈی جی لائیو سٹاک آصل خان، ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک نیاز محمد خان، ڈائریکٹر جنوبی اضلاع محمد الیاس خٹک، ڈائریکٹر فشریز ضم اضلاع عامر حمزہ، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر پشاور فواد علی خلیل اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔معاون خصوصی خورشید خان خٹک نے حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی خدمت اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ فشریز صوبے کی آمدنی میں ہر سال نمایاں اضافہ کر رہا ہے اور رواں سال مزید فش ہیچریز قائم کرکے اس آمدنی میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ فش ہیچریز کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا اور محکمہ کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ضم شدہ اضلاع میں بھی نئی فش ہیچریز کے قیام کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں گے تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور ماہی پروری کے شعبے کو مزید فروغ مل سکے۔
خورشید خان خٹک نے کہا کہ محکمہ فشریز صوبائی معیشت اور آمدنی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس کی استعداد کار بڑھانے اور آمدنی میں مزید اضافے کے لیے نئے ترقیاتی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ کی قیادت میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں