خیبرپختونخوا کیصوبائی وزیر توانائی وبرقیات نذیراحمد عباسی نے کہاہے کہ صوبے میں بجلی سے متعلق عوامی مسائل کا فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہم آئینی حدود میں رہ کرصوبے میں خدمات سرانجام دینے والے وفاقی محکموں کوہرصورت عوام کاتابع بنائیں گے۔محکمہ توانائی وبرقیات کے ذیلی ادارے انسپکٹریٹ آف الیکٹریسٹی نے صوبے میں بجلی صارفین کودرپیش مسائل کے فوری حل کے لئے پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں 5ریجنل دفاترمیں ون ونڈوشکایات سنٹرزقائم کررکھے ہیں جہاں پر صارفین دفتر تشریف لاکریاپھردیگرذرائع سے اپنی شکایات کااندراج کراسکتے ہیں جن کے فوری ازالے کے لئے سیکرٹری محکمہ توانائی وبرقیات ان سنٹرزکی ازخودمانیٹرنگ کرینگے۔صوبے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (پیسکو، ہزیکو،ٹیسکو) کے درمیان بجلی بلوں اور میٹرز سے متعلق تنازعات کے حل مثلاً اضافی یونٹس، ناجائز جرمانہ اور غلط ٹیرف کی تصحیح ناقص تنصیبات کی وجہ سے قیمتی جانوں و املاک کے نقصانات سے بچاؤ، بجلی سے مہلک و غیر مہلک حادثات کی انکوائری،الیکٹریکل سپروائزر سرٹیفیکیٹ اور الیکٹریکل کنٹریکٹر لائسنس کے اجراء سمیت دیگرمسائل کے حل کیلئے عوام الناس فوری رابطہ کرسکتے ہیں۔اس سلسلے میں بجلی مسائل کے فوری حل کے لئے ون ونڈونظام کومزید موثربنانے پرغورشروع کردیاگیاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے انسپکٹریکٹ آف الیکٹریسٹی کی جانب سے تعارفی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد،ایڈیشنل سیکرٹری انورخان شیرانی،صوبائی الیکٹرک انسپکٹر احسان خٹک اورسینئر چیف پلاننگ آفیسرظاہرشاہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران ادارے کے امورسمیت عوام الناس کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایاگیاکہ انسپکٹریٹ آف الیکٹریسٹی کے مرکزی دفتر پشاور سمیت ریجنل دفاتر بنوں، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور سوات میں خصوصی ون ونڈوشکایات سنٹرزقائم کئے گئے ہیں جہا ں پر بجلی صارفین دفاترآکراپنی شکایات درج کراتے ہیں یا پھر آن لائن ویب سائیٹ www.ioekp.gov.pkکے ذریعے گھر بیٹھے منٹوں میں شکایات کااندراج کیا جاتاہے۔اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی نذیراحمدعباسی نے ہدایات جاری کیں کہ بجلی نظام سے متعلق عوامی شکایات کوفوری حل کرنے کے لئے براہ راست رابطوں کے نظام کومزید آسان اورسہل بنانے کے لئے میکنزم تیا رکیا جائے اورہر ضلع میں براہ راست عوامی شکایات کے ازالے کے لئے سوشل میڈیا کے ذریعے بھر پور تشہیر کے ذریعے کھلی کچہریوں کے انعقاد اورآن لائن شکایات کے ازالے کے لئے تقسیم کارکمپنیوں سے رابطوں کو تیز کرکے عوام کوبروقت سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت اورعوامی مسائل کافوری حل ہی ہماراحقیقی ہدف ہے اورعوامی مینڈیٹ اوروعدوں کوہرصورت پوراکریں گے۔
