مشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت محرم الحرام میں قیامِ امن کے لیے پشاور میں تاریخ ساز گرینڈ کوآرڈینیشن اجلاس کا انعقاد

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی مثالی فضا برقرار رکھنے، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے متحدہ علمائے بورڈ کے زیر اہتمام 100 سے زائد جید علمائے کرام پر مشتمل ایک گرینڈ کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمانڈر 102 بریگیڈ کرنل نوید، ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی یاسر علی خان، پولیس حکام، بلدیاتی افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ جبکہ متحدہ علمائے بورڈ کے پلیٹ فارم سے اہل تشیع، اہل سنت والجماعت، ادارہ تبلیغ الاسلام، انجمن تبلیغ القرآن والسنتہ، متحدہ امن کمیٹی، اہل حدیث، بریلوی اور تبلیغی جماعت کے جید علمائے کرام کے علاوہ ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کے مذہبی رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں محرم الحرام کے دوران قیامِ امن، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔ شرکاء نے فرقہ واریت کے خاتمے، اشتعال انگیز تقاریر سے اجتناب اور سوشل میڈیا سمیت ہر پلیٹ فارم پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ کسی بھی غیر ریاستی عنصر کو امن و امان کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔شرکاء نے پہلی مرتبہ تمام مکاتبِ فکر اور مذاہب کے نمائندوں کو ایک چھت تلے جمع کرنے کے اقدام کو تاریخی اور انقلابی قرار دیتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں کا یہ متحدہ فورم مستقبل میں بھی مذہبی ہم آہنگی، قومی اتحاد اور پائیدار امن کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔اجلاس میں شریک جید علمائے کرام اور شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں جنہیں قابلِ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں کا متحد ہو کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ان کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ جمعہ کے خطبات میں امن، رواداری، بھائی چارے اور فرقہ واریت کے خاتمے سے متعلق خصوصی پیغام دیا جائے تاکہ معاشرے میں برداشت اور اتحاد کو فروغ حاصل ہو۔کمشنر پشاور نے مختلف مکاتبِ فکر کے جلسوں، جلوسوں، مجالس اور مذہبی تقریبات کے لیے یکساں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات کی براہِ راست نگرانی کی جائے گی تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔اجلاس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ امن، اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی ہی ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں، اور تمام طبقات مل کر محرم الحرام کو باہمی احترام، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے ماحول میں گزارنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں