
مشیر برائے مواصلات و تعمیرات، بلدیات آصف رفیق نے کہا ہے کہ مواصلات و تعمیرات کے شعبہ میںشفافیت لانے کے لئے صوبے میں سڑکوں کے نظام کو مربوط اورڈیجیٹائز کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اورعوامی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں محکمہ مواصلات و تعمیرات سے متعلق منعقدہ بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرسیکرٹری مواصلات و تعمیرات ثاقب رضا اسلم، ایڈیشنل سیکرٹری وقاص احمد،منیجنگ ڈائریکٹرخیبرپختونخواخوا ہائی وے اتھارٹی سہیل ادریس اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے مشیر مواصلات کو محکمہ کے مختلف امور اور جاری منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سروزئی ۔ ہنگو روڈ،پاٹریک۔کمراہٹ اورایبٹ آباد نتھیاگلی روڈ کے فلیگ شپ پراجیکٹ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جن پر مکمل توجہ مرکوز ہے کیوں کہ کمراہٹ اور نتھیاگلی میں بڑی تعداد میں سیاح سیر تفریح کے لئے جاتے ہیں۔اسی طرح محکمہ روڈ اسسٹ منیجمنٹ سسٹم پر کام کر رہا ہے جس کی بدولت صوبے کی تمام سڑکوں کی صورتحال اور دیگرمعلومات ایک ڈش بورڈ کے ذریعے حاصل کی جا سکیں گی۔مشیر مواصلات و تعمیرات آصف رفیق نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ عوامی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرے تاکہ عوام ترقیاتی منصوبوں سے بروقت استفادہ کر سکیں۔
