
انسپکٹر جنرل آف پرزنز خیبر پختونخوا ریحان گل خٹک نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط، دیانت داری اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل محکمہ جیل خانہ جات کی مؤثر کارکردگی کے لیے ناگزیر ہیں۔ تربیت یافتہ اہلکار جیلوں میں سکیورٹی، نظم و نسق اور قیدیوں کی اصلاح و بحالی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرزنز اسٹاف ٹریننگ اکیڈمی (PSTA) ہری پور میں بیچ 10 کے 155 نومنتخب وارڈرز کے تین ماہ پر مشتمل بنیادی تربیتی کورس کی تکمیل پر منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اکیڈمی آمد پر کمانڈنٹ پرزنز اسٹاف ٹریننگ اکیڈمی (PSTA) ہری پور، ڈی آئی جی ہزارہ ریجن اور سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ہری پور نے آئی جی جیل خانہ جات کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں، تربیت یافتہ وارڈرز نے حلف اٹھانے کے بعد شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ، جسمانی تربیت، مارشل آرٹس اور اسلحہ چلانے کی مہارتوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔آئی جی جیل خانہ جات نے تربیت یافتہ امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جیل وارڈرز محکمہ جیل خانہ جات کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور جیلوں میں سکیورٹی، نظم و نسق اور اصلاح و بحالی کے نظام میں ان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات اب محض سزا کے تصور سے آگے بڑھ کر اصلاح و بحالی کے نظام کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔انہوں نے نومنتخب وارڈرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، دیانت داری، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں، جیل قوانین، SOPs اور سلسلہ? احکامات کی مکمل پابندی کریں۔ کسی بھی قسم کی غفلت، بدعنوانی یا غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آئی جی نے مزید بتایا کہ عملے کی فلاح و بہبود اور فاسٹ ٹریک پروموشن کے حوالے سے اقدامات کیے گئے ہیں، جن کی سفارشات محکمہ داخلہ کو ارسال کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے وارڈرز اپنی محنت، صلاحیت، لگن اور ایمانداری سے محکمہ جیل خانہ جات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر آئی جی جیل خانہ جات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وارڈرز اور انسٹرکٹرز میں اسناد تقسیم کیں، جبکہ کمانڈنٹ PSTA محترمہ فوزیہ تاج نے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔
