مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن بلاامتیاز اور کسی سیاسی دباؤ کے بغیر جاری ہے۔ اس کارروائی کا بنیادی مقصد سرکاری اراضی، گرین بیلٹس اور نکاسی آب کے نظام پر قائم تجاوزات کا خاتمہ، شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔اپنے ایک بیان میں مشیرِ اطلاعات نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کا کسی قسم کے سیاسی انتقام سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ یہ خالصتاً عوامی فلاح و بہبود اور شہریوں کے وسیع تر مفاد میں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی اور عوامی مقامات کو تجاوزات سے پاک کرکے ان کے مؤثر اور بہتر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پشاور میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کو روزمرہ سفری مشکلات سے نجات دلانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ٹریفک جام کے باعث مریضوں، طلبہ اور عام شہریوں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس صورتحال میں سڑکوں اور چوراہوں کو تجاوزات سے پاک کرنا اور ٹریفک کی مؤثر منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد سڑکوں، بازاروں اور چوراہوں کو منظم انداز میں ترقی دینے اور بہتر منصوبہ بندی کے تحت شہری سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی کشادگی کے بعد شہریوں کی سفری ضروریات پوری کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے مختلف ذرائع متعارف کرانے پر بھی کام کیا جائے گا۔مشیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ پشاور میں نکاسی آب اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق مسائل کا حل بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس ضمن میں سیوریج اور صاف پینے کے پانی کے نظام کو الگ الگ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ حکومت کا مقصد شہریوں کو صاف ستھرا، منظم اور بنیادی سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ہے۔ تجاوزات کا خاتمہ اسی وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہری زندگی کو آسان بنانا، ٹریفک کے مسائل میں کمی لانا اور عوامی مقامات کو ان کے اصل مقصد کے مطابق استعمال میں لانا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک ابھرتے، نکھرتے اور مضبوط خیبرپختونخوا کی تعمیر میں حکومت کا ساتھ دیں اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے جاری اقدامات میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
